پی سی بی میں وزیراعظم ہے نہ فرسودہ نظام،محسن نقوی انقلاب لائیں:خواجہ آصف

پی سی بی  میں وزیراعظم  ہے نہ  فرسودہ  نظام،محسن نقوی  انقلاب  لائیں:خواجہ  آصف

سسٹم بتدریج بہتر ہوتے ہیں نقوی صاحب، بورڈ کا اقتدار کل آپکے پاس ہے ،شائقین پرفارمنس سے مطمئن نہیں:بیان وہ طاقتور ترین وزیر، میری اتنی اوقات نہیں جتنی ان کی ہے ،سسٹم کی شکایت کر رہے تو پھر ہمیں گھر چلے جانا چاہیے ،انٹرویو پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی سپورٹ کی ،اس بار ٹرن آئوٹ زیادہ،پی پی کی پذیرائی ختم ہوچکی ہے

 اسلام آباد، سیالکوٹ ( مانیٹرنگ ڈیسک،نمائندہ دنیا،آئی این پی )وزیر دفاع خواجہ آصف نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو پی سی بی میں انقلاب لانے کا مشورہ دے دیا،سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ نقوی صاحب سسٹم بتدریج بہتر ہوتے ہیں اور ہونے بھی چا ہئیں ،خواجہ آصف نے مشورہ دیا کہ نمونے کے طور پر پی سی بی میں کوئی انقلاب لائیں کیونکہ کرکٹ کے شائقین پی سی بی کی پرفارمنس سے اتنے مطمئن نہیں،وزیر دفاع نے کہا کہ پی سی بی میں تو اقتدار کل آپ کے پاس ہے ، نہ وزیر اعظم ہے ، نہ پارلیمنٹ ہے اور نہ کوئی فرسودہ سیاسی نظام رکاوٹ ہے ،دریں اثنا خواجہ آصف نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ محسن نقوی اس حکومت کے طاقتور ترین وزیر ہیں جو کئی معاملات میں وزیراعظم کو بھی جوابدہ نہیں، وہ وزیر داخلہ ہوتے ہوئے بھی سسٹم کا حصہ نہیں، کابینہ اجلاس میں صرف دو تین بار دیکھا ہے ، خواجہ آصف نے کہا کہ نہ وہ کابینہ کی میٹنگ میں آتے ہیں اور نہ ہی اسمبلی میں آتے ہیں، پارلیمنٹ بھی وہ صرف 7 یا 8 بار آئے ہوں گے۔

اب اگر محسن نقوی سسٹم کی شکایت کر رہے ہیں تو پھر ہمیں گھر چلے جانا چاہیے ، مزید کہا کہ محسن نقوی وزیر داخلہ ہوتے ہوئے بھی سسٹم کا حصہ نہیں کیونکہ گزشتہ ساڑھے تین سال کے دوران وہ اس آزمائشی دور سے نہیں گزرے جس سے ہم گزرے ہیں، محسن نقوی تمام تر فیصلے بھی خود ہی کرتے ہیں، میرا نہیں خیال کہ وہ کسی کو جوابدہ ہیں، کم از کم میری اتنی اوقات نہیں جتنی ان کی ہے ، سیالکوٹ میں یونین کونسل فتح گڑھ کے الیکشن کیمپوں کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر انتخابات میں پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی سپورٹ کی ہے ، کہیں کہیں نظر آرہا تھا کہ دونوں پارٹیوں کی مشترکہ کاوش ہے ، پچھلے 55 سال سے کشمیر کے انتخابات دیکھ رہا ہوں، اس دفعہ شہر کے اندر ٹرن آؤٹ زیادہ رہا، پارٹی نے بہت محنت کی ہے ۔ شہر میں 45 فیصد سے زیادہ ٹرن آؤٹ رہا ہے ،مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے آخری انتخاب اس شہر سے 1970 میں جیتا تھا، پیپلزپارٹی کی پذیرائی ختم ہوچکی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے استحکام کے لیے کوشاں ہے کشمیر بنے گا پاکستان ہمارا بنیادی اور قومی موقف ہے کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کا فرمان آج بھی سچ ہے کشمیر کے حوالے سے کسی دوسرے حل کی گنجائش موجود نہیں، آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت بننے سے خطے میں مزید بہتری آئے گی ،کشمیر انتخابات کے نتائج سے واضح ہوگا کہ کشمیری عوام کس کے ساتھ کھڑی ہے ، الیکشن کے نتائج جو بھی ہوں، تمام فریقین کو عوامی فیصلے کا احترام کرنا چاہیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...