وفاقی وزیر داخلہ کا شملہ پہاڑی نادرا رجسٹریشن سنٹر کا دورہ
شہریوں سے درپیش مسائل دریافت ، مختلف سروس کاؤنٹرز کا معائنہ کیا شہریوں کا اعتماد کسی بھی ادارے کی کامیابی کا اصل پیمانہ ہوتا :محسن نقوی
لاہور،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ،اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا شملہ پہاڑی نادرا رجسٹریشن سنٹرلاہورکا اچانک دورہ، شہریوں سے رجسٹریشن کے عمل اور درپیش مسائل بارے دریافت کیا۔ انہوں نے مختلف سروس کاؤنٹرز کا معائنہ کرنے کے ساتھ ملازمین سے ملاقاتیں کیں ،آپریشنل کارکردگی کا جائزہ لیا ۔وفاقی وزیر محسن نقوی نے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے دو شہریوں کے مسائل کے فوری حل کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے نادرا ملازمین کو ہدایت کی کہ مختلف خدمات کیلئے درکار دستاویزات کے سلسلے میں شہریوں کی صحیح رہنمائی کی جائے تاکہ غیر ضروری تاخیر سے بچا جاسکے ، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ ریکارڈ تک رسائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا ۔اس موقع پر نادرا سنٹر کی کارکردگی بارے شہریوں کی مجموعی رائے بہت مثبت تھی، تاہم کچھ شہریوں نے شکایت کی کہ سنٹر کے باہر پارکنگ اٹینڈنٹ سرکاری طور پر مقرر نرخوں سے زیادہ فیس وصول کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ایسے مسائل کو بھی حل کیا جائے گا۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ میں نے ماضی میں شملہ پہاڑی نادرا سنٹر کا دورہ کیا تھا اور عوامی خدمات میں نمایاں بہتری دیکھ کر خوشی ہوئی ،شہریوں کا اعتماد اور اطمینان کسی بھی سرکاری ادارے کی کامیابی کا اصل پیمانہ ہوتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments