بھارت نے دریائے چناب میں پھر پانی چھوڑ دیا ،سیلاب کا خدشہ

بھارت نے دریائے چناب میں پھر پانی چھوڑ دیا ،سیلاب کا خدشہ

ہیڈ مرالہ کے مقام پر نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری چترال میں شدید سیلاب سے تباہی، 2 افراد جاں بحق ،کئی گاڑیاں بہہ گئیں

 لاہور،پشاور،گلگت(مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں )بھارت نے دریائے چناب پر قائم بگلیہار ڈیم سے تین روز کے وقفے کے بعد ایک بار پھر پانی چھوڑ دیا جس کے بعد ہیڈ مرالہ پر پانی کے بہاؤ میں اضافے اور سیلابی صورتحال کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ذرائع کے مطابق  تین روز قبل بھی ڈیم کے دو سپل ویز کھولے گئے تھے تاہم گزشتہ روز تین سپل ویز کے ذریعے اضافی پانی کا اخراج کیا گیا۔ بگلیہار ڈیم سے پانی کے اخراج کے بعد خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سلار ڈیم کے ذریعے بھی مزید پانی ہیڈ مرالہ کی جانب چھوڑا جا سکتا ہے جس سے دریائے چناب میں بہاؤ مزید بڑھنے کا امکان ہے ،فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہیڈ مرالہ کے مقام پر نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے جبکہ پنجاب کے دیگر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے ،دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے ۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے دوران لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے ،مری گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے ۔

ادھر پختونخوا میں چترال کے مختلف علاقوں میں گلیشیئر پھٹنے اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث شدید سیلاب نے تباہی مچا دی، درجن سے زائد مقامات پر معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوگئے جبکہ چترال-پشاور مین شاہراہ اور چترال-شندور روڈ متعدد مقامات پر پل بہہ جانے اور سڑکیں ٹوٹنے کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہو گئیں اور چترال کا ملک کے دیگر حصوں سے زمینی اور ڈیجیٹل رابطہ منقطع ہو گیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق سیلاب کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے ، گمبس گول میں کئی گاڑیاں سیلابی پانی میں بہہ گئیں۔ پرواک کے مقام پر پہاڑی تودے گرنے سے ڈیڑھ سو سے زائد گاڑیوں میں مسافر پھنسے رہے ۔ اپر اور لوئر چترال کے درمیان پیدل آمدورفت ممکن نہیں رہی۔ دریں اثناء گلگت بلتستان کے سیاحتی علاقے نلتر بالا میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب کے نتیجے میں کم از کم 12 قدیم مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ سینکڑوں کنال زرعی اراضی، کھڑی فصلیں، باغات اور آبپاشی کے نظام کو شدید نقصان پہنچا ۔ سیلاب کے باعث مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ سیاحوں کی بڑی تعداد بھی علاقے میں پھنس کر رہ گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی ملک کے کئی علاقوں میں بارش کا امکان ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...