چہلم امام حسینؓ و شہدا ئے کربلا عقیدت و احترام سے منایا گیا

 چہلم امام حسینؓ و شہدا ئے کربلا  عقیدت و احترام سے منایا گیا

لاہور ،کراچی ،کوئٹہ ،پشاور(ہیلتھ رپورٹر،دنیا نیوز ،نیوز ایجنسیاں )ملک بھر میں نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین ؓو شہدا ئے کربلا کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا گیا۔

 ،لاہور،کراچی ، راولپنڈی ، فیصل آباد،اسلام آباد،  کوئٹہ اور پشاور سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں روایتی جلوس و تعزیے برآمد کئے گئے ، عزادار نوحہ خوانی ،ماتم اور زنجیر زنی کرتے رہے ، مجالس بھی برپا کی گئیں جس میں ذاکرین نے فضائل و مصائب شہدائے کربلابیان کئے ،قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سکیورٹی کے غیر معمولی اور فول پروف انتظامات کر رکھے تھے ۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں چہلم امام حسینؓ کے سلسلے میں مرکزی شبیہِ تعزیہ کا جلوس روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ حویلی الف شاہ اندرون دہلی گیٹ سے برآمد ہوا، جس میں ہزاروں عزادار شریک ہوئے ،جلوس اپنے مقررہ روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔ جلوس سے قبل منعقدہ مجلس سے خطاب میں علامہ صبیح حیدر شیرازی نے واقعہ کربلا کے مصائب اور حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی کے پیغام پر روشنی ڈالی ،انتظامیہ کی جانب سے جلوس کی فول پروف سکیورٹی کیلئے 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات تھے ۔ جلوس کے راستوں میں عزاداروں کی سہولت کے لئے سبیلوں اور لنگر کا وسیع انتظام کیا گیا تھا ۔ادھر اسلام آباد میں چہلم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثناء عشری جی 6 میں ختم ہوگیا،پشاور میں جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر سے برآمد ہوا، کوئٹہ میں بھی جلوس برآمد ہوا، اس دوران متعددعلاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہی ۔ راولپنڈی میں چہلم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا قدیمی امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔ کراچی میں چہلم حضرت امام حسینؓ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا اور مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پہنچ کر ختم ہوگیا، جلوس کی گزرگاہ کی طرف آنے والے راستے کنٹینر رکھ کر بند کئے گئے تھے ۔  

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...