لندن میں پاکستانیوں کو پنجاب میں جائیداد منتقلی کی سہولت
اسلام آباد(دنیا نیوز)پاکستان ہائی کمیشن لندن نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب میں جائیداد کی براہِ راست ڈیجیٹل منتقلی کی سہولت اب ہائی کمیشن میں بھی دستیاب ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں پاکستان ہائی کمیشن لندن کا کہنا ہے کہ اس جدید نظام کے ذریعے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو جائیداد کی منتقلی کیلئے پاور آف اٹارنی، کسی تیسرے فریق یا ایجنٹ کی خدمات حاصل کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی،بیان میں کہا گیا کہ جائیداد کی منتقلی کا پورا عمل براہِ راست ڈیجیٹل نظام کے ذریعے انجام دیا جاتا ہے ، جس سے طریقہ کار نہ صرف شفاف اور محفوظ بنتا ہے بلکہ تیز رفتار اور کم خرچ بھی ثابت ہوتا ہے ،ہائی کمیشن کے مطابق اس سہولت سے اوورسیز پاکستانیوں کو صرف جائیداد کی منتقلی کیلئے پاکستان کا سفر بھی نہیں کرنا پڑے گا جس سے ان کے وقت اور اخراجات دونوں میں نمایاں بچت ہوگی،پاکستان ہائی کمیشن لندن نے اپنے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ان کی جائیداد کی براہِ راست اور ڈیجیٹل منتقلی کے عمل میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے ہر وقت تیار ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments