تھانہ ٹاؤن شپ، دو خواتین کی ہلاکت، نوسرباز ہونیکا انکشاف

تھانہ ٹاؤن شپ، دو خواتین کی ہلاکت، نوسرباز ہونیکا انکشاف

انمول ، آمنہ کی حالت بگڑی تو انویسٹی گیشن ونگ نے لینے سے انکار کر دیا دورانِ حراست تشدد سے اموات کاشبہ ، حقائق کیلئے پوسٹمارٹم رپورٹ کاانتظار

لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور کے تھانہ ٹاؤن شپ پولیس کی تحویل میں2خواتین کی پراسرار ہلاکت پر مزید تفصیلات سامنے آگئیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ون فائیو پر اطلاع ملی کہ دو خواتین نوسربازی کے ذریعے سونے کی بالیاں ہتھیانے کی کوشش کر رہی ہیں جس پر پولیس نے کارروائی کرکے دونوں کو حراست میں لے لیا جنکی شناخت انمول اور آمنہ کے نام سے ہوئی ۔ابتدائی تفتیش میں خواتین کے سابقہ ریکارڈ یافتہ نوسرباز ہونے کا انکشاف ہوا۔ مقدمہ درج کرکے انہیں تفتیشی ونگ کے حوالے کیا جا رہا تھا،دورانِ حراست دونوں کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی اور انکے منہ سے جھاگ نکلنا شروع ہو گئی۔

ایک خاتون تھانے ، دوسری ہسپتال میں دم توڑ گئی۔تفتیشی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ جب دونوں کی حالت بگڑی تو آپریشن ونگ اہلکار انہیں تفتیشی ونگ منتقل کرنے لگے تاہم انویسٹی گیشن ونگ نے خراب حالت پرلینے سے انکار کر دیا۔  بعد ازاں ایک اہلکار دونوں کو طبی معائنہ کیلئے لے گیا۔پولیس کا مؤقف ہے کہ دونوں خواتین نشے کی عادی تھیں اور ممکنہ طور پر نشہ نہ ملنے پر انکی حالت بگڑی ،تاہم ابتدائی طور پر زہریلی چیز کھانے کا شبہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے ۔دوسری جانب ذرائع نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ دونوں پر دورانِ حراست تشدد بھی کیا گیا جس سے انکی اموات ہوئیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لاشوں کی پوسٹمارٹم رپورٹ ملنے پرہی ہلاکتوں کی اصل وجوہات اور حقائق سامنے آ سکیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...