عمران قیدِ تنہائی میں نہیں،روزانہ طبی معائنہ،ہرمنگل اہلیہ سے ملاقات:سپرنٹندنٹ اڈیالہ جیل
اسلام آباد(رضوان قاضی)بانی پی ٹی آئی کو جیل میں تین سال مکمل ہوگئے ،سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی اہم رپورٹ سامنے آگئی۔
رپورٹ میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں رکھنے اور جیل حکام کی بانی سے امتیازی یا غیر مساوی سلوک کی بھی تردید کردی اور کہاکہ جیلوں میں قید تنہائی کا نظام تقریباً ختم ہو چکا ،اب یہ رائج نہیں نہ ہی عدالتیں طویل عرصے سے ایسی سزا دے رہی ہیں،اڈیالہ جیل میں کوئی بھی قیدی بشمول بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں نہیں رکھا گیا،بانی پی ٹی آئی کو سزا ہو چکی وہ قانون کے مطابق قید کاٹ رہے ہیں،بانی پی ٹی آئی کے ساتھ دوسرے قیدیوں کی طرح ہی قانونی سلوک کیا جا رہا ہے ،بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی امتیازی یا غیر مساوی برتاؤ نہیں کیا جا رہا،البتہ ان کے بہتر کلاس قیدی ہونے کی وجہ سے کچھ اضافی سہولیات فراہم کی گئی ہیں،سابق وزیر اعظم اور سیاسی جماعت کے سربراہ کی حیثیت سے ان کے لیے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات ہیں،اسی لیے عام قیدیوں کو بانی پی ٹی آئی کے رہائشی حصے تک رسائی نہیں دی جاتی،بانی قید تنہائی نہیں انکو جو سہولیات حاصل ہیں ان سے بھی ظاہر ہوتا ہے یہ قید تنہائی نہیں ہے ، بانی پی ٹی آئی 7 سیل پر مشتمل کمپاؤنڈ میں دن بھر آزادانہ چل پھر سکتے ہیں۔ درخواست گزار علیمہ خانم کے الزامات محض قیاس آرائی اور بے بنیاد ہیں لہٰذا استدعا ہے درخواست کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کیا جائے ۔جسٹس خادم حسین سومرو آج قید تنہائی سے متعلق درخواست پر سماعت کرینگے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments