وزیر اعظم کا دورہ سعودی عرب،پٹرولیم کی مدمیں بڑا ریلیف متوقع

وزیر اعظم کا دورہ سعودی عرب،پٹرولیم کی مدمیں بڑا ریلیف متوقع

ایران امریکا مذاکرات کی بحالی پاکستان سعودی عرب کی بنیادی کوشش نظر آتی ہے

(تجزیہ:سلمان غنی)

وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب دوطرفہ تعلقات سے زیادہ امریکا ایران پس پردہ چلنے والی بات چیت ،اس میں پاکستانی کردار اور علاقہ میں امن و استحکام کے حوالہ سے اہم قراردیا جا رہا ہے ،سعودی عرب کی جانب سے امریکا کو ایران پر حملہ سے باز رکھنے کا عمل بھی ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب علاقائی استحکام اور امن کے لئے ڈائیلاگ کے آپشن کو ہی کارگر سمجھتے ہیں اور اس ضمن میں اسلام آباد مفاہمتی معاہدہ کی بحالی نظر آ رہی ہے جو پاکستان کی ثالثی و سفارتی کردار کی جیت ہوگی ،اگر مفاہمتی عمل کی بحالی کے امکانات کا جائزہ لیا جائے تو کہا جا سکتا ہے کہ ایران اور امریکا ایک بڑے تصادم سے گریز چاہتے ہیں کیونکہ ان کے معاشی اور سکیورٹی اخراجات بہت بڑھ چکے ہیں۔

ماہرین یہ کہتے نظر آ رہے ہیں کہ حالات اس نہج پر ہیں کہ فریقین سگنل دے رہے ہیں کہ خطے میں استحکام کے لئے جنگ کی بجائے سفارت کاری ضروری ہے اور یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ریاض کا رخ کر رہے ہیں ،پاکستان اور سعودی عرب کی بنیادی کوشش یہی نظر آتی ہے جیسے بھی ممکن ہو مذاکراتی عمل کی بحالی ممکن بنائی جائے ، زیادہ امکانات تو یہی ہیں کہ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب ، امریکا ایران مفاہمتی عمل کی بحالی تک محدود ہوگا لیکن سعودی عرب سے اپنے دفاعی ،تجارتی اور معاشی تعلقات کی بنا پر کہا جا سکتا ہے کہ اس دورہ کے دوران معاشی تعاون، تیل کی فراہمی اور توانائی کے منصوبے بھی زیر غور آئیں گے ،اطلاعات یہ ہیں کہ سعودی عرب پاکستان کو درپیش معاشی مشکلات کے حوالہ سے پٹرولیم کی مد میں بڑا ریلیف دینے جا رہا ہے ،پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری میں بھی پیش رفت کا امکان ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...