عمران قید تنہائی کیس، دلائل مکمل ، آرڈر جاری کرینگے : ہائیکورٹ

عمران قید تنہائی کیس، دلائل مکمل ، آرڈر جاری کرینگے : ہائیکورٹ

بشریٰ بی بی کو قید تنہائی میں رکھنے ،امتیازی سلوک کی تردید ،رپورٹ عدالت جمع

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے )اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی قیدِ تنہائی غیرقانونی قرار دینے کی درخواستوں پر دلائل مکمل ہونے پر کہاکہ ہم اس پر آرڈر جاری کریں گے ، فریقین نے عدالتی فیصلوں کے حوالے دینے ہیں تو تحریری طور پر جمع کروا دیں۔گزشتہ روز سماعت کے دوران سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید حیات ملک عدالت کے سامنے پیش ہوئے ، جبکہ بانی اور بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر بھی پیش ہوئے۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کی جانب سے گزشتہ سماعت کا تحریری آرڈر پڑھا گیا اور کہاگیا کہ 30 جون کے آرڈر پر عمل درآمد کرتے ہوئے رپورٹ عدالت کے سامنے جمع کروائی،آپ کے آرڈر کے مطابق سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل بھی عدالت کے سامنے موجود ہیں۔

سپرنٹنڈنٹ جیل نے کہاکہ مستقل ایک مشقتی بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہوتا ہے وہ بھی سزا یافتہ قیدی ہے ، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہاکہ سکیورٹی کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی کو دیگر قیدیوں سے ملنے نہیں دیا جاتا، سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات کو یہ قید تنہائی کہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو کتب فراہم کرنے کا آرڈر دیا گیا تھا جو فراہم کر دی گئیں، جسٹس خادم حسین سومرو نے استفسار کیا کہ ان کو بی کلاس قیدی کی سہولیات دی گئی ہیں؟، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آبادنے کہاکہ ان کو بی کلاس سے بھی بہتر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاکہ میں سپریم کورٹ کی ہدایت پر فرینڈ آف دی کورٹ کے طور پر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے گیا۔

میں 11 فروری کو جب گیا تو بانی پی ٹی آئی کے وکیل کے طور پر وہاں موجود تھا، بانی پی ٹی آئی کی بینائی متاثر تھی،بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ فوڈ، سکیورٹی، واش روم سے مطمئن ہوں، صرف بینائی بچا لیں،پولیٹیکل پارٹی اور عزیز و اقارب کو نہیں ملوا رہے ۔ دریں اثنا سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بشریٰ بی بی کو قید تنہائی میں رکھنے اور امتیازی سلوک کیے جانے کی تردید کردی،رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی سابق وزیراعظم کی اہلیہ ہیں، اس لیے ان کی سکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے کچھ اضافی انتظامات کیے گئے ہیں۔بشریٰ بی بی کو جیل مینوئل کے مطابق ہر منگل اپنے شوہر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت بھی حاصل ہے ،بشریٰ بی بی کو قید تنہائی میں رکھنے کا کوئی عنصر موجود نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...