مذاکرات ،سفارتکاری امن،خوشحالی کے حصول کا ذریعہ:اسحاق ڈار
ایرانی سفیر کی نائب وزیر اعظم سے ملاقات،تعاون مستحکم کرنے کے اقدامات پر بریفنگ اسحاق ڈار کی دعوت پر 10برس میں ناروے کے پہلے وزیر خارجہ آج پاکستان آئیں گے
اسلام آباد (وقائع نگار)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعاون، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق ایرانی سفیر نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کو پاکستان اور ایران کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطحی دوروں کے تبادلے کے بعد مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے قائم دوطرفہ ادارہ جاتی میکنزم کے تحت ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ملاقات کے دوران ایرانی سفیر نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لئے جاری اقدامات پر بریفنگ دی،نائب وزیر اعظم نے ایران کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا اور مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو ترجیحی شعبوں میں مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے ۔
ملاقات میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،ا سحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ زیرِ التوا مسائل کے حل اور خطے میں دیرپا امن، استحکام اور خوشحالی کے حصول کا مؤثر ترین ذریعہ مذاکرات اور سفارت کاری ہی ہیں، اسحاق ڈار کی دعوت پر ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے 13 اور 14 اگست کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے ، یہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران کسی ناروے کے وزیر خارجہ کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا،دورے کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور ناروے کے وزیر خارجہ کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے ، جن میں پاکستان اور ناروے کے تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری، ماحولیاتی تبدیلی، قابلِ تجدید توانائی، تعلیم اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments