بددیانت حکمران امریکی مفاد میں فیصلے کررہے : حافظ نعیم
ہماری آزادی،خود مختاری آئی ایم ایف کے ہاتھ گروی رکھ دی گئی ،امیر جماعت اسلامی
لاہور(سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے 79ویں یوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے ۔پاکستان کا قیام اللہ کاعظیم معجزہ اوربرصغیر کے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ عالم اسلام کے لئے ایک انعام ہے۔ مگر حقیقت یہی ہے کہ ہم نے اجتماعی طور پر اللہ کے اس احسان اور انعام کی قدر نہیں کی اور یہاں اللہ کے اس نظام کو نافذ نہیں کرسکے جس کا ہم نے وعدہ کیا تھا۔انگریز تو چلاگیا مگر اس کے ذہنی غلاموں نے ملکی اقتدار پر قبضہ کرلیا۔
ہماری آزادی اور خود مختاری آئی ایم ایف کے ہاتھ گروی رکھ دی گئی ہے اور ملک پر مسلط بددیانت حکمران امریکی مفادمیں فیصلے کررہے ہیں۔ ملک پر بیوروکریسی جاگیرداروں اور وڈیروں کا قبضہ ہے ۔ملک 100ہزارارب سے زیادہ کامقروض ہوچکا ہے اس کے باوجود عام آدمی تعلیم،صحت اور روز گار جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم اور آدھی آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے ۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا جب تک کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کوہنود و یہود کے خونی پنجہ سے آزادی نہیں مل جاتی ہماری آزادی ادھوری ہے ۔ یہ موقع ہے کہ اللہ تعالیٰ سے پاکستان و عالم اسلام کی ترقی و خوشحالی اور کشمیر و فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں ، اپنی آزادی اور خود مختاری کی حفاظت کیلئے ہمیں تحریک پاکستان کے جذبہ سے اٹھنا ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments