کرپشن مقدمات دوبارہ نیب عدالتوں میں منتقل کرنے کا عمل شروع، 15 ریفرنسز بحال

کرپشن مقدمات دوبارہ نیب عدالتوں میں منتقل کرنے کا عمل شروع، 15 ریفرنسز بحال

سابق چیف سیکرٹری صدیق میمن، علی حسن بروہی، سابق ایڈیشنل سیکرٹری یوٹیلائزیشن و دیگرکیخلاف ریفرنسز شامل ٹریژری افسر وں ،میرپور ساکرو کے تپیدار نثار وگن ، علی اصغر میندھرو ،سابق مختیارکار اقبال اعوان و دیگر طلب

کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے احکامات کے بعد احتساب عدالتوں سے اینٹی کرپشن کورٹس منتقل کیے گئے کرپشن کے مقدمات دوبارہ نیب عدالتوں میں منتقل کرنے کا عمل شروع کردیا ۔ نیب پراسیکیوٹر کی درخواست پر احتساب عدالت نے واپس کیے گئے 15 ریفرنسز بحال کرنے کی کارروائی شروع کرتے ہوئے مقدمات میں نامزد ملزموں کو نوٹس جاری کردیئے ۔ احتساب عدالت نے سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ، کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور دیگر الزامات کے تحت دائر 15 مختلف ریفرنسز میں نامزد ملزموں کو طلب کرلیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ سندھ ہائیکورٹ نے احتساب عدالتوں کے مقدمات اینٹی کرپشن کورٹس منتقل کرنے کا حکم کالعدم قرار دیا تھا۔

سندھ ہائیکورٹ نے تمام متعلقہ مقدمات دوبارہ نیب عدالتوں میں منتقل کرنے کا حکم دیا ہے ۔ پراسیکیوٹر نیب کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے واپس کیے گئے ریفرنسز بحال کرنے کی درخواست دائر کی گئی تھی، جس پر احتساب عدالت نے کارروائی شروع کردی۔ بحال کیے جانے والے ریفرنسز میں سابق چیف سیکرٹری سندھ اور لینڈ یوٹیلائزیشن ممبر محمد صدیق میمن، علی حسن بروہی، سابق ڈپٹی کمشنر ملیر قاضی جان محمد، سابق ایڈیشنل سیکرٹری لینڈ یوٹیلائزیشن عبدالقادر میمن اور سابق سیکشن آفیسر غلام مصطفی سہاگ کے خلاف ریفرنسز بھی شامل ہیں۔

احتساب عدالت نے ٹریژری افسر محمد موسیٰ کاظمی، اسسٹنٹ ٹریژری افسر عبداللطیف کھوسو سمیت دیگر ملزموں کو بھی نوٹس جاری کرکے طلب کرلیا۔ عدالت نے میرپور ساکرو کے تپیدار نثار احمد وگن اور علی اصغر میندھرو کو بھی نوٹس جاری کیے جبکہ سابق مختیارکار اقبال اعوان اور محمد حنیف کو بھی طلب کرلیا گیا۔ احتساب عدالت نے بلڈرز جاوید اقبال اور وسیم احمد شیخ سمیت متعدد ریونیو افسران کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے ۔ نیب پراسیکیوٹر کے مطابق سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد اینٹی کرپشن کورٹس منتقل کیے گئے تمام متعلقہ مقدمات دوبارہ احتساب عدالتوں میں بحال کیے جارہے ہیں۔ عدالت کی جانب سے ملزموں کو نوٹس جاری کرنے کے بعد ریفرنسز کی کارروائی دوبارہ نیب عدالت میں شروع ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...