گڈز ٹرانسپورٹرز کی 8 ویں روز بھی ہڑتال، اربوں روپے نقصان

گڈز ٹرانسپورٹرز کی 8 ویں روز بھی ہڑتال، اربوں روپے نقصان

یومیہ 10ہزار کنٹینرز نکلتے تھے ، مطالبات منظوری تک ہڑتال جاری :ٹرنسپورٹر ز لاہور میں منی مزدا ٹرانسپورٹرز کااحتجاج ختم ، گاڑیاں سڑکوں پر لانے کا فیصلہ

کراچی،لاہور(آئی این پی،سٹاف رپورٹر سے )گڈز ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر پہیہ جام ہڑتال آٹھویں روز بھی جاری رہی ، ملک بھر میں اشیا کی ترسیل شدید متاثر، برآمدات اور درآمدات کے کنٹینر رک گئے ، ملکی معیشت کو 50 ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچ چکا،دوسری طرف لاہور میں منی مزدا ٹرانسپورٹرز نے احتجاج ختم کرتے ہوئے اپنی گاڑیاں سڑکوں پر لانے کا فیصلہ کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق گڈز ٹرنسپورٹر اتحاد کی اپیل پر ہڑتال سے ملک بھر میں اشیا کی ترسیل، برآمدات اور درآمدات رک چکیں، روزانہ کروڑوں کے تجارتی سامان کی ترسیل متاثرہو رہی ہے۔

گڈز ٹرانسپورٹرز کے مطابق یومیہ 10 ہزار کنٹینرز پورٹ سے نکلتے تھے ۔صدر گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس ملک شہزاد اعوان کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر بحری امور سے مذاکرات کامیاب رہے تھے تاہم وفاقی حکومت، وزارت مواصلات، فنانس اور پٹرولیم سے متعلق مطالبات پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ ڈیڈ لاک برقرار ہے ،مطالبات منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔ادھر صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن اویس چودھری نے کہاہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر ہڑتال بدستور جاری ہے ،مطالبات پر تاحال کوئی پیشرفت نہیں ہوئی،ٹرانسپورٹرز یکجہتی برقرار رکھیں ،حکومت سے مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں، ٹرانسپورٹرز افواہوں پر کان نہ دھریں، تمام مطالبات تسلیم ہونگے تو ہی ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ ہوگا۔

ادھر ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ میں ہڑتال کے خاتمے میں پیشرفت متوقع ہے اور وزیراعلیٰ مراد شاہ اور ٹرانسپورٹرز میں ملاقات کا امکان ہے ۔دوسری طرف لاہور میں گڈز ٹرانسپورٹرز کے ایک دھڑے منی مزدا ٹرانسپورٹرز نے حکومتی مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کرکے گاڑیاں سڑکوں پر لانے کا فیصلہ کر لیا تاہم بڑی لوڈر گاڑیوں، دس، سولہ، بائیس ویلرز اور ٹرالرز کے ٹرانسپورٹرز تاحال احتجاج پر قائم ہیں۔ منی مزدا ٹرانسپورٹرز کی واپسی پراحتجاج میں شامل گاڑیوں کی تعداد میں کمی ضرور آئی ہے تاہم بڑے ٹرک اور ٹرالرز بدستور سڑکوں سے غائب ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...