پہلے حسینہ واجد کو حوالے کریں،بنگلہ دیشی وزیراعظم کا دورہ بھارت اچانک منسوخ
حسینہ ودیگر مفرور مجرموں کی حوالگی تک وزیراعظم بھارت نہیں جائیں گے ،سفر کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے :بنگلہ دیشی وزارت خارجہ حکومت ’’بنگلہ دیش فرسٹ‘‘ خارجہ پالیسی اختیار کرے گی،بھارت اور دیگر ممالک کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی تعلقات رکھیں گے :اے کے ایم شاہدالکریم
ڈھاکہ(اے ایف پی)بنگلہ دیش کے وزیر اعظم طارق ر حمن کا دورہ نئی دہلی اچانک منسوخ کر دیا گیا ۔ بنگلہ دیش نے کہا ہے کہ وزیراعظم طارق ر حمن بھارت کا دورہ اس وقت تک نہیں کریں گے جب تک نئی دہلی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو بنگلہ دیش کے حوالے نہیں کرتا۔ بنگلہ دیشی وزارت خارجہ کے حکام کے مطابق حسینہ واجد کی حوالگی کے لیے بھارت سے کوششیں تیز کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ نے اتوار کو باضابطہ طور پر کہا کہ سفر کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔وزارت خارجہ کے ترجمان اے کے ایم شاہدالکریم نے اتوار کی سہ پہر ڈھاکہ میں وزارت خارجہ میں منعقدہ ایک پریس بریفنگ کے دوران یہ اعلان کیا۔اس سے قبل بھارتی میڈیا نے اشارہ دیا تھا کہ طارق ر حمن اگلے ہفتے کے وسط میں دو روزہ دورے پر بھارت آ سکتے ہیں۔ ڈھاکہ میں بنگلہ دیشی حکام نے بھی گزشتہ ہفتے وزیر اعظم کے دورہ بھارت کی تیاریوں کا اشارہ دیا تھا۔
ترجمان نے کہا کہ ہم نے بھارتی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شیخ حسینہ اور دیگر مفرور مجرموں کو فوری طور پر واپس بھیجیں اور دو طرفہ حوالگی کے معاہدے کے تحت شہید شریف عثمان ہادی کے قتل میں ملوث ملزموں کو بنگلہ دیش کے حوالے کریں۔ بنگلہ دیش جواب کا منتظر ہے ۔کریم نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کے دورہ بھارت کے عمل کو شیخ حسینہ کی جانب سے میڈیا میں کھل کر بیانات دینے سے نقصان پہنچا ہے ، حالانکہ وہ انسانیت کے خلاف جرائم کے مقدمے میں مجرم قرار دی جاچکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی حکومت ’’بنگلہ دیش فرسٹ‘‘ خارجہ پالیسی اختیار کرے گی، جس کی بنیاد ملکی خودمختاری اور دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر ہوگی۔ اس کے ساتھ بھارت اور دیگر ممالک کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی تعلقات کے فروغ کی کوشش بھی جاری رکھی جائے گی،واضح رہے جب لوک سبھا کے سپیکر اوم برلا، طارق ر حمن کی بطور وزیر اعظم حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے گئے تھے ، تو اُنہوں نے وزیر اعظم مودی کی جانب سے طارق ر حمن کو بھارت کے دورے کی باضابطہ دعوت دی تھی۔یاد رہے حسینہ واجد 2024 میں حکومت مخالف احتجاج کے بعد بھارت فرار ہوگئی تھیں اور بنگلہ دیش میں انسانیت کے خلاف جرائم کے مقدمے میں سزائے موت پا چکی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments