27 ستمبر کا مارچ ملک و قوم کی تقدیر بدل دیگا:سہیل آفریدی

27 ستمبر کا مارچ ملک و قوم کی تقدیر بدل دیگا:سہیل آفریدی

پختونخواکے عوام کو کیڑے مکوڑے سمجھنے کی روش مزید قبول نہیں کرینگے عمران قوم کیلئے ناحق قید وبند کی صعوبتیں برداشت کررہے :وزیراعلیٰ پختونخوا

کوہاٹ،؍بنوں (این این آئی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کے لانگ مارچ کیلئے بھرپور اور بہترین تیاری کی جائے گی اور اس مرتبہ ملک و قوم کی تقدیر اور تاریخ دونوں بدل دیں گے ، پختونخوا گزشتہ دو دہائیوں سے تجربہ گاہ بنا ہوا ہے اور صوبے کے عوام کو کیڑے مکوڑے سمجھنے کی روش مزید قبول نہیں کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بنوں پہنچنے پر پی ٹی آئی کی 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے سلسلے میں منعقدہ سٹریٹ موومنٹ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقع پر پی ٹی آئی پختونخوا کے صدر جنید اکبر سمیت ارکان پارلیمنٹ وپارٹی رہنما ، کارکنان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ 27 ستمبر کے مارچ کے لیے بھرپور تیاری کرنا ہوگی،کارکن اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور اپنے مستقبل کیلئے جرات کے ساتھ باہر نکلیں،2022 تک خیبرپختونخوا میں امن تھا تاہم اس کے بعد کے حالات سب کے سامنے ہیں، بند کمروں میں کئے فیصلوں نے امن کو تباہ کردیا،امن کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدام کرینگے ، پختونخوا پولیس امن کی بحالی اور عوام کے تحفظ کیلئے سینہ سپر ہے ،پولیس کے لیے 191 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا ہے ، حکومت صوبے اور عوام کے خلاف ہر فیصلے کی مخالفت کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان نے امن قائم کیا اور قوم کی عزتِ نفس بحال کی وہ قوم کے مستقبل کیلئے ناحق قید کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں،ہم اپنے لیڈر کی رہائی کیلئے نکلیں گے ،حقیقی آزادی کی جدوجہد میں عدلیہ اور میڈیا کی آزادی بھی بحال کرنا ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...