پی آئی اے سمیت ایئر لائنز کو درآمدی پرزوں پر ٹیکس کی چھوٹ
ٹیکس چھوٹ کا آئندہ بجٹ سے اطلاق ہوگا، دسمبر میں فیسکو سمیت 3 ڈسکوز کی نجکاری آئی ایم ایف نے ایئر لائنز کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ کیا: قائمہ کمیٹی کو بریفنگ
اسلام آباد (مدثر علی رانا) حکومت نے پی آئی اے سمیت تمام ایئر لائنز کو درآمدی پرزہ جات پر سیلز ٹیکس کی چھوٹ دے دی۔ سیکرٹری نجکاری کمیشن عثمان باجوہ نے بتایا کہ جولائی 2027 سے تمام ایئر لائنز کو 15 سال کیلئے سیلز ٹیکس چھوٹ حاصل ہوگی اور اس کا اطلاق 2027-28 کے بجٹ سے شروع ہوگا۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نجکاری کا اجلاس چیئرمین ڈاکٹر فاروق ستار کی زیرصدارت ہوا۔ عثمان باجوہ نے بتایا کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کی سفارش پر ٹیکس چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے بعد حکام نے بتایا کہ حکومت نے آئی ایم ایف سے بھی اس معاملے پر بات کی ہے ۔ آئی ایم ایف نے تمام ایئر لائنز کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ کیا، جس پر حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ معاہدے کے مطابق پی آئی اے کو ٹیکس چھوٹ دی گئی ہے ، تاہم دیگر ایئر لائنز کو بھی مساوی مواقع ملنے چاہئیں۔
کمیٹی نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے حوالے سے بھی سفارشات دیں۔ فاروق ستار نے مطالبہ کیا کہ ملازمین کو 5 سال تک ملازمتوں سے نہ نکالا ائے ، ڈسکوز کا پرفارمنس آڈٹ کرایا جائے اور کے الیکٹرک کے نجکاری معاہدے کے اہم نکات کمیٹی کے سامنے پیش کیے جائیں۔عثمان باجوہ نے بتایا کہ 9 ڈسکوز کی نجکاری کی جائے گی، جنہیں 4 بیچز میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ پہلے مرحلے میں فیسکو، آئیسکو اور میپکو کی نجکاری ہوگی، جبکہ نجی شعبے کو 51 سے 100 فیصد تک شیئرز کی پیشکش کی جائے گی۔ بیچ ون کی بڈنگ دسمبر 2026 میں ہوگی۔ حیدرآباد اور سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کی نجکاری طویل مدتی بنیادوں پر کی جائے گی۔حکام کے مطابق رواں مالی سال 7 نجکاری ٹرانزیکشنز مکمل کرنے کا ہدف ہے ، جن میں 3 ڈسکوز، اسلام آباد ایئرپورٹ اور زرعی ترقیاتی بینک (زیڈ ٹی بی ایل) شامل ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments