12ربیع الاول کے بعد تاریخی ہڑتال ، ملک بند ہوگا:حافظ نعیم

 12ربیع الاول کے بعد تاریخی ہڑتال ، ملک بند ہوگا:حافظ نعیم

اسلام آباد کی طرف گئے تو موبائل بند کردیں گے اور کسی سے بات نہیں ہوگی امیر جماعت اسلامی کا پشاور میں دھرنے سے خطاب ،لاہور کا دھرنا بھی جاری

پشاور ،لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ،سیاسی نمائندہ) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے پٹرولیم لیوی ختم کرنے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول کے بعد پورے ملک میں تاریخی ہڑتال ہوگی اور پورا ملک بند ہوگا جبکہ اگر اسلام آباد کی طرف گئے تو اپنا موبائل فون بند کردیں گے اور کسی سے بات نہیں ہوگی۔ پشاور میں پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے ہونے والے دھرنے سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کیا جہاں کارکنوں نے ڈی چوک جانے کے نعرے لگائے ، جس پر انہوں نے کہا کہ ڈی چوک جانے کا طریقہ بتاؤں گا لہٰذا کارکن پرعزم اور بڑی جدوجہد کے لیے تیار رہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کے بھتے کا خاتمہ ہونا چاہیے ، جو لوگ کہتے ہیں جماعت اسلامی کے ساتھ لوگ نہیں نکلتے تو وہ آج پشاور کا دھرنا دیکھ لیں، حکومت نے عوام کا دباؤ محسوس کیا ہے اور ڈیزل کی قیمت 32 روپے کمی کا اعلان کیا ہے یہ عوام کا دباؤ ہے ۔انہوں نے کہا کہ وقتی کمی بیشی قبول نہیں اس کا مستقل حل چاہیے ، غریب عوام، نوجوانوں اور طالب علموں کے جیبوں پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے ۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بلوچستان، لاہور اور پشاور میں دھرنے جاری ہیں، پشاور کے علاوہ اب دھرنے پورے خیبرپختونخوا میں ہوں گے ، جماعت اسلامی نے 510 مقامات پر دھرنے دئیے اور احتجاج کا سلسلہ آگے بڑھانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکمران طبقہ عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کی غلامی کرتا ہے تو مہنگائی ہوتی ہے ، لیوی لگاتے ہیں، آئی ایم ایف جب کہتا ہے تنخواہیں کم کریں آسائشیں کم کریں یہ اپنا مفاد دیکھتے ہیں، روز کے پٹرول بم پھینکے جا رہے ہیں اور 32 روپے کمی سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شہباز شریف صاحب بتائیں سیلز ٹیکس کے پیسے کہاں جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب قوم باہر نکلے گی تو حکمرانوں کو پیچھے ہٹنا پڑے گا، ایک نوجوان حکمرانوں کو 750 روزانہ اور ماہانہ 20 ہزار روپے دے رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت سے بھی کہتا ہوں کہ تعلیمی اداروں کو آؤٹ سورس نہ کریں، جو ادارے ہیں ان کو بہتر بنائیں ۔دریں اثنا لاہور کے چیئرنگ کراس پر پٹرولیم لیوی، آئی پی پیز معاہدوں اور لوڈ شیڈنگ کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا چوتھے روز بھی جاری رہا۔ دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان بڑے بحرانوں سے دوچار ہے ، کسان، مزدور اور عام آدمی حکومتی پالیسیوں سے مایوس ہیں۔ بجلی، گیس اور تیل کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر بوجھ بڑھ رہا ہے جبکہ حکمران اپنی عیاشیاں ختم کرنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی خواتین بھی تحریک میں شامل ہوچکی ہیں، اب حکومت کی جان نہیں چھوٹے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...