بھارت کی 5-3 سے جیت، پاکستان ہاکی ورلڈکپ سے باہر
پاکستان کے عبدالحنان شاہد کے 2گول بھی فتح نہ دلاسکے ،گروپ ڈی سے بھارت اور انگلینڈ نے ناک آؤٹ مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا انگلینڈ نے ویلز کو 8-2سے دھول چٹادی ،ویمنز ورلڈ کپ میں ارجنٹائن اور جرمنی کی فتوحات ،آسٹریلیا اور چلی کا میچ 4-4گول سے برابر رہا
ایمسٹلوین (سپورٹس ڈیسک)بھارت نے پاکستان کو 5-3سے ہرکر ہاکی ورلڈکپ 2026 سے باہر کردیا۔نیدر لینڈز اور بیلجئیم میں کھیلے جانیوالے والے ہاکی ورلڈکپ 2026 میں پاکستان ٹیم کو تین میچوں میں دوسری شکست کے بعد اگلے مرحلے میں جگہ نہ مل سکی۔انگلینڈ سے 1-4 سے ہارنے اور ویلز کے مقابلے پر 3-3 گول سے میچ برابر کھیلنے کے بعد گروپ ڈی میں روایتی حریف بھارت کے خلاف فتح ہی پاکستان کو ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچا سکتی تھی لیکن ایمسٹلوین میں ابو بکر کی قیادت میں پاکستان ہاکی ٹیم دباؤ کا شکار نظر آئی۔ بھارتی ٹیم جسے دوسرے میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں 2-4 سے شکست ہوئی تھی، پاکستان کے خلاف انتہائی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 3-5 سے ورلڈکپ میں دوسرا میچ جیت کر ناک آؤٹ مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا۔کپتان ہرمن پریت نے 2،ابھیشک اور ہاردیک نے ایک ایک گول کیا،پاکستان کی طرف سے عبدالحنان شاہد نے 2اورسفیان خان نے ایک گول کیا ۔پاکستان اور بھارتی ہاکی ٹیم کے درمیان میچ کے بعد روایتی ہینڈ شیک بھی ہوا۔پاکستان ہاکی ورلڈ کپ سے باہر ہوگیا جب کہ بھارت اور انگلینڈ نے پول ڈی سے دوسرے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ گروپ ڈی کے ایک اور میچ میں انگلینڈ نے ویلز کو 2کے مقابلے میں 8گول سے پچھاڑ دیا ۔ویمنز ہاکی ورلڈ کپ میں پول اے میں آسٹریلیا اور چلی کا میچ 4-4گول سے برابر رہا جبکہ پول بی میں ارجنٹائن نے سکاٹ لینڈ کو 2-0اور جرمنی نے امریکا کو 3-1سے شکست دے دی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments