سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل گوجرانوالہ مبینہ کرپشن پرگرفتار
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر،این این آئی) گوجرانوالہ کی سینٹرل جیل کے سپرنٹنڈنٹ اظہر جاوید چیمہ کو مبینہ کرپشن پر گرفتار کر لیا گیا۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق سپرنٹنڈنٹ پر کرپشن کے الزامات ہیں۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل کا ساڑھے چار کروڑ رشوت لینے کے مقدمہ میں 5 روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا ۔ اظہر جاوید چیمہ کیخلاف حساس ادارے کے افسر کا نام اور اپنی اتھارٹی کا غلط استعمال کر کے رشوت لینے کا الزام ہے ۔ اینٹی کرپشن گوجرانوالہ کے سرکل آفیسرودیگراہلکاروں نے اظہر جاوید چیمہ کو ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد مشتاق کی عدالت میں پیش کیا،پیشی پر میڈیا کے کیمروں سے بچنے کیلئے سپرنٹنڈنٹ جیل نے چہرے پر ماسک چڑھا رکھا تھا۔ اینٹی کرپشن حکام نے ڈیوٹی مجسٹریٹ سے تفتیش اور ساڑھے چار کروڑ روپے رشوت کی برآمدگی کیلئے 12 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی۔
مجسٹریٹ کے استفسار پر اینٹی کرپشن حکام نے بتایا ملزم کیخلاف تلونڈی موسیٰ کے رہائشی افضل چودھری کی درخواست پر 19 اگست کو مقدمہ درج کیا گیا اور گرفتاری گزشتہ روزجمعرات کو کی گئی ۔ڈیوٹی مجسٹریٹ نے سماعت کے بعد ملزم کا جسمانی ریمانڈ دینے بارے فیصلہ محفوظ رکھ لیا تا ہم مختصر ٹائم کے بعد ملزم کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کر دیا ۔ ذرائع کے مطابق سپرنٹنڈنٹ کیخلاف حسا س ادارے کے افسر کے نام پر اور دیگر معاملات بارے رشوت لینے کی انکوائری زیر سماعت تھی ۔ عدالت کے باہر اینٹی کرپشن حکام کا کہنا تھا کہ تفتیش کے دوران ملزم سے رشوت کے طور پر لی گئی رقم برآمد کی جائیگی اورملزم کو آئندہ تاریخ پر دوبارہ عدالت پیش کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments