لیڈز ٹیسٹ:شاہینوں کو مات،انگریز اننگز اور 103رنز سے فاتح
انگلینڈ نے پہلی اننگز میں پاکستان کے 170رنز کے جواب میں 409رنزبنائے ،ہیری بروک ،جورڈن کاکس ،جوروٹ اور ڈین لارنس کی نصف سنچریاں دوسری اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم 135رنز پر ڈھیر ہوگئی ،محمد رضوان 41رنز بنا کر ٹاپ سکورررہے ، اولی رابنسن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے
لیڈز(سپورٹس ڈیسک )انگلینڈ نے لیڈز میں کھیلے جانیوالے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو اننگز اور 103 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان کی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں 238 رنز کا خسارہ اتارنے میں بری طرح ناکام رہی اور پوری ٹیم 135 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جبکہ پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 171 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔قومی ٹیم کی جانب سے محمد رضوان 41 اور شان مسعود 29 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ عبداللہ شفیق 15، سعود شکیل 14، اذان اویس 9، خرم شہزاد 8، علی عثمان 7، محمد عباس 6، کپتان سلمان آغا 4 اور امام الحق 0 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوئے ۔انگلینڈ کی جانب سے اولی رابنسن، جوفرا آرچر اور جوش ٹنگ نے 3، 3 وکٹیں حاصل کی، گَس ایٹکنسن نے 1 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔اس سے قبل تیسرے روز انگلینڈ نے 366 رنز 8 وکٹوں کے نقصان پر کھیل کا آغاز کیا تو جوفرا آرچر سمیت ٹیل اینڈرز نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے سکور 409 رنز تک پہنچا دیا۔جوفرا آرچر 23 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جبکہ جیمی سمتھ 25 اور جوش ٹنگ 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک 91، جورڈن کاکس 73، کپتان جو روٹ 66 اور ڈین لارنس 51 رنزنے نصف سنچریز سکور کرکے بڑا سکور کرنے میں اہم کردار ادا کیا،علی عثمان نے 5 ،خرم شہزاد نے 3 جبکہ محمد عباس اور محمد علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلش فاسٹ باؤلر اولی رابنسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments