3سال :اوورسیزپاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 11ارب ڈالر اضافہ

3سال :اوورسیزپاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 11ارب ڈالر اضافہ

مالی سال 2026میں ترسیلات زر 41ارب 58کروڑ 47لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں سعودیہ سے 9ارب 78کروڑ، عرب امارات سے 8ارب 80کروڑ ڈالر موصول ہوئے

اسلام آباد (حریم جدون) بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں گزشتہ تین سال کے دوران 11 ارب ڈالر سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ حکومت نے تفصیلات سینیٹ میں پیش کردیں۔ وزارت خزانہ کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2026 میں ترسیلات زر کا مجموعی حجم 41 ارب 58 کروڑ 47 لاکھ ڈالر رہا جبکہ مالی سال 2025 میں یہ 38 ارب 29 کروڑ 92 لاکھ ڈالر اور مالی سال 2024 میں 30 ارب 25 کروڑ 8 لاکھ ڈالر تھا۔مالی سال 2026 میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے سب سے زیادہ 9 ارب 78 کروڑ ڈالر پاکستان بھیجے ۔ متحدہ عرب امارات سے 8 ارب 80 کروڑ ڈالر جبکہ برطانیہ سے 6 ارب 32 کروڑ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں۔مالی سال 2025 کے مقابلے میں مالی سال 2026 کے دوران متحدہ عرب امارات سے ترسیلات زر میں 97 کروڑ ڈالر سے زائد، سعودی عرب سے 43 کروڑ 77 لاکھ ڈالر اور برطانیہ سے 42 کروڑ ڈالر سے زائد اضافہ ہوا۔

جرمنی، آسٹریلیا، اٹلی، کینیڈا، اسپین، قطر اور بحرین سے بھی ترسیلات زر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تاہم امریکہ سے ترسیلات میں 9 کروڑ 66 لاکھ ڈالر کمی ہوئی۔ جنوبی افریقہ، ملائشیا، عمان اور جنوبی کوریا سے بھی ترسیلات کم ہوئیں۔حکام کے مطابق ترسیلات زر میں اضافے کی بنیادی وجہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے غیر قانونی کرنسی ایجنٹوں کے خلاف کارروائی اور قانونی ذرائع کو فروغ دینا ہے ۔اسٹیٹ بینک اور پاکستان ریمیٹنس انیشی ایٹو (پی آر آئی) کے اقدامات کے تحت 500 سے زائد بین الاقوامی رقم منتقل کرنے والی تنظیموں سے شراکت داری مکمل کی گئی۔ بیرون ملک سفر کرنے والے 5 لاکھ 18 ہزار سے زائد افراد کی تربیت اور بریفنگ سیشن بھی مکمل کیے گئے ، جبکہ راست اور آر ٹی جی ایس کے ذریعے رقم منتقلی کا جدید نظام فعال کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...