حکومت لیوی پر پیچھے نہ ہٹی تو ہم آگے بڑھیں گے :حافظ نعیم
اسلام آباد کی طرف مارچ ہوسکتاہے ،ڈیزل،پٹرول کی قیمت 130 روپے تک کم کی جائے
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے پر حکومت کو مزید احتجاج کا انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت لیوی کے معاملے پر پیچھے نہیں ہٹتی تو ہم آگے بڑھیں گے ،انہوں نے کہا کہ لیوی کی صورت میں جگاٹیکس لیا جارہا ہے ، لیوی لگانے کا مقصد پیٹرولیم مصنوعات کی لاگت کم کرنا تھا ۔ عوام کو سہولت دینے کے لیے سنجیدہ اقدامات نہ اٹھائے گئے تو دھرنوں کا دائرہ پورے ملک میں پھیلائیں گے ، 12 ربیع الاول کے اگلے ہفتے ملک گیر ہڑتال ہوگی، جس میں پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن بھی شامل ہوگا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جمعہ کو کراچی میں دھرنا کے مقام پر جلسہ عام ہوگا۔
اسلام آباد کی جانب پیدل مارچ بھی کرسکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مقامی حکومتوں کا مؤثر نظام ہوتا تو نئے انتظامی یونٹس کی ضرورت ہی پیش نہ آتی، بلدیاتی فنڈز صوبائی حکومتیں کھا جاتی ہیں، جماعت اسلامی سمجھتی ہے کہ نئے صوبے بن بھی سکتے ہیں تاہم اس کیلئے قومی اتفاق رائے اور آئین میں دئیے گئے اصولوں پر عملدرآمد ضروری ہے ۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ اگر ڈیزل یا پٹرول کی قیمت کم کرنی ہے تو صرف 30 روپے نہیں بلکہ 130 روپے تک کا بوجھ کم کیا جائے ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو علاج کی سہولیات سے روکنا فسطائیت ہے ، بانی پی ٹی آئی کو علاج کی تمام سہولیات دی جائیں۔ عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے ۔ حکومت کی کسی بریفنگ میں نہیں بیٹھیں گے ، حکمران دھرنوں میں آکر ہمارے ساتھ بات کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments