سکیورٹی فورسز کے پختونخوا اور بلوچستان میں مشترکہ آپریشنز ، 49 دہشتگرد ہلاک

 سکیورٹی فورسز کے پختونخوا اور بلوچستان میں مشترکہ آپریشنز ، 49 دہشتگرد ہلاک

خفیہ اطلاعات پر کارروائیوں کے د وران پختونخوا 12 ،بلوچستان میں 37 شدت پسند ہلاک کئے گئے :آئی ایس پی آر بڑی مقدار میں دھماکا خیزمواد اوراسلحہ برآمد،صدرمملکت، وزیراعظم ،وفاقی وزیر داخلہ کافورسز کو خراج تحسین

راولپنڈی، اسلام آباد(دنیا نیوز ،نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں)خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی فورسز کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 49 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیاگیا۔  پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ(آئی ایس پی آر )کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف گزشتہ چند روز کے دوران پولیس کے ساتھ مل کر خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر پختونخوا میں بنوں، شمالی وزیرستان، اورکزئی اور ضلع خیبر میں متعدد مشترکہ کارروائیاں کیں جس میں 12 شدت پسند ہلاک کئے گئے جبکہ بلوچستان میں مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور کے اضلاع میں 10 کارروائیوں کے دوران 37 شدت پسند ہلاک کئے گئے ، اس دوران امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششیں بھی ناکام بنائی گئی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں میں بڑی مقدار میں دھماکا خیز موادسے بھرے ڈرم، دیسی ساختہ بموں کے ریموٹ کنٹرول، اسلحہ، گولہ بارود اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی گئیں۔ برآمد اسلحے اور دھماکا خیز مواد کو مزید تخریب کاری کیلئے استعمال کیا جانا تھا۔

ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا۔ مزید برآں سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے جبکہ دہشتگردوں کے ممکنہ سہولت کاروں اور دیگر ساتھیوں کی تلاش بھی کی جا رہی ہے۔ ادھرصدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر اپنے الگ الگ بیانات میں سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیاہے۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گرد عناصر ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ،دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یہ کامیاب آپریشن ہماری سکیورٹی فورسز اور پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر ہیں،حکومت پاکستان ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے ،قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...