وزیر اعظم ، وزیر اعلیٰ سندھ کا سیاسی رواداری قائم رکھنے پر اتفاق

وزیر اعظم ، وزیر اعلیٰ سندھ کا سیاسی رواداری قائم رکھنے پر اتفاق

ملاقات میں صوبہ سندھ کے امور ،ترقیاتی منصوبوں سمیت باہمی دلچسپی اور سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال وزیر اعظم سے چیئرمین رطاج گروپ و تمیم ہولڈنگز شیخ نائف،استحکام پاکستان پارٹی کے وفد کی ملاقاتیں

 اسلام آباد (نامہ نگار،خبر ایجنسیاں) وزیراعظم شہبازشریف سے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی اور صوبہ سندھ کے امور اور جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں سیاسی رواداری اور مشاورت قائم رکھنے پر اتفاق ہوا۔ اس موقع پر وفاق اور سندھ کے درمیان تعاون اور مشاورت کا سلسلہ مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ ملاقات میں مشیر وزیر اعظم رانا ثنا اللہ، وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، شزہ فاطمہ اور علی پرویز ملک بھی شریک تھے ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور صوبے سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا گیا، جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان رابطہ کاری اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر سیاسی رواداری، باہمی احترام اور مشاورت کا عمل برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی فلاح، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور وفاق و صوبوں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کے لیے باہمی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم سے استحکام پاکستان پارٹی کے وفد نے ملاقات کی اور ملک کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیر اعظم سے چیئرمین رطاج گروپ و تمیم ہولڈنگز شیخ نائف بن عید آل ثانی نے ملاقات کی ۔ وزیراعظم نے قطری وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ، مضبوط اور برادرانہ تعلقات ہیں،پاکستان قطرکے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے دورۂ پاکستان کا منتظر ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...