متحدہ اپوزیشن کا پہلا اجلاس ، پارلیمنٹ میں مشترکہ کردار ادا کرنے پر اتفاق

 متحدہ اپوزیشن کا پہلا اجلاس ، پارلیمنٹ میں مشترکہ کردار ادا کرنے پر اتفاق

سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے ،یہ وقت صوبوں کی تقسیم کا نہیں، اٹھارہویں ترمیم مقتدرہ کے حلق کا کانٹا :فضل الرحمن خوشی اور مبارکباد کا دن :اچکزئی، اپوزیشن کا اتحاد نیک شگون :ناصر عباس،صوبوں پرمشاور ت ضروری :بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) اپوزیشن جماعتوں نے پارلیمنٹ کے اندر متحد ہوکر مشترکہ اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ متحدہ اپوزیشن کا پہلا باقاعدہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا، جس میں اتحاد کی ضرورت، آئندہ کے مشترکہ لائحہ عمل اور حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن رہنماؤں نے اعلان کیا کہ امن و امان، مہنگائی، خارجہ تعلقات اور عوامی مسائل  سمیت اہم قومی معاملات پر پارلیمنٹ میں مشترکہ مؤقف اختیار کیا جائے گا۔جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ آج کا دن مبارک ہے ، حزب اختلاف کے بنچوں پر بیٹھنے والی جماعتوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ مشترکہ اپوزیشن کا کردار ادا کریں گی۔ ملک میں امن و امان کی صورتحال کے باعث آج سب اکٹھے ہوئے ہیں۔ ایک طرف ہماری سرزمین خون سے سرخ ہے اور دوسری طرف حکمران سرخ قالینوں پر چل رہے ہیں۔ امن و امان کی خراب صورتحال نے ملکی معیشت کو بھی شدید متاثر کیا ہے ۔ ملک میں سیاسی ماحول پیدا کیا جائے ، قیدیوں کو رہا کیا جائے اور عوام کے مسائل حل کیے جائیں۔انہوں نے صوبوں کی تقسیم کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت صوبوں کی تقسیم کا نہیں، تقسیم سے بداعتمادی بڑھے گی۔

اٹھارہویں ترمیم مقتدرہ کے حلق کا کانٹا بنی ہوئی ہے ، تاہم موجودہ صورتحال میں ملک کسی نئے بحران کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ان مطالبات کیلئے آج پہلا قدم اٹھایا گیا ہے اور آج سے سفر کا آغاز ہو رہا ہے ۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ گھٹن کے موجودہ ماحول میں اسمبلی میں حزب اختلاف کے ارکان کا متحد ہونا خوشی اور مبارکباد کا دن ہے ۔ امید ہے یہ اتحاد پاکستان کی کھوئی ہوئی عظمت واپس دلانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ غریب روٹی اور روزگار کیلئے رو رہا ہے ،ملک کو موجودہ صورتحال سے نکالنے کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ربیع الاول کے مقدس مہینے میں اپوزیشن کا متحد ہونا نیک شگون ہے۔

انہوں نے ملک میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال ہو رہا ہے اور لوگوں کی جان و مال محفوظ نہیں۔پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کی ملاقات میں اپوزیشن کو متحد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ تمام اپوزیشن جماعتیں پارلیمنٹ کے اندر ایک ہی مؤقف اپنائیں گی ، پی ٹی آئی نے مولانا فضل الرحمن کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے ، صوبوں کے حوالے سے ایک دن میں آئینی ترمیم نہیں کی جا سکتی، اس معاملے پر بھی مشاورت ضروری ہے ۔اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ، جبکہ عوامی مسائل کے حل اور سیاسی ماحول کو بہتر بنانے کیلئے مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...