پٹرولیم لیوی نا منظور ، ستمبر کے پہلے ہفتے ملک گیر ہڑتال : حافظ نعیم
عوام کو حقیقی ریلیف نہ دیاتو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع،سڑکوں پر بیٹھ جائینگے ، آئی پی پیز مافیا عوام کا خون چوس رہا عوامی دباؤ سے حکومت کو فیصلے تبدیل کرنے پر مجبور کیا جاسکتا ،اسی جدوجہد کو آگے بڑھائینگے ،امیر جماعت اسلامی
لاہور(سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ختم نہ کی گئی اور عوام کو حقیقی ریلیف نہ دیا گیا تو جماعت اسلامی احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے سڑکوں پر بیٹھ جائے گی، دھرنوں کے مقام پر بارہ ربیع الاول کو سیرت کانفرنسز ، ستمبر کے پہلے ہفتے میں ہڑتال ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس لاہور کے باہر دھرنے کے نویں روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آج طالب علم بھی ایک لٹر پٹرول پر 80 روپے تک کا بوجھ برداشت کر رہے ہیں۔ پٹرولیم لیوی کا پٹرولیم مصنوعات کی اصل قیمت سے کوئی تعلق نہیں، یہ بھتہ ہے ۔آئی پی پیز کے ناجائز معاہدے ختم کیے جائیں ، آئی پی پیز مافیا عوام کا خون چوس رہا ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سبزیوں سمیت روزمرہ استعمال کی ہر چیز مہنگی ہوچکی ہے۔
حکومت کی جانب سے گندم برآمد کرنے کی اجازت دینے کے بعد گندم کی قیمت میں اضافہ ہوا۔ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمران خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں، عوامی دباؤ کے ذریعے حکومت کو فیصلے تبدیل کرنے پر مجبور کیا جاسکتا ہے اور جماعت اسلامی اسی جدوجہد کو آگے بڑھائے گی۔ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں ہو رہی ہیں، ایسے حالات میں قوم کو تقسیم کرنے کے بجائے یکجا کرنے اور قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔ کشمیر میں مسائل کا حل بات چیت ہی سے نکالا جاسکتا ہے ۔ حافظ نعیم نے کہا کہ فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی کارروائیاں جاری ہیں۔ ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان ہونے والے معاہدے کو بیت المقدس کے تحفظ کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے ۔ فلسطین اور خطے کی صورتحال سمیت عالمی معاملات پر بھی پاکستان کو واضح اور مو ثر پالیسی اختیار کرنی چاہیے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments