بلوچستان : دہشتگردوں کی فائرنگ ، پنجاب کے 5 مزدور جاں بحق
پشین میں مسلح دہشتگردوں نے سڑک کی تعمیر میں مصروف مزدوروں کو نشانہ بنایا،ایک مزدور شدید زخمی بھی ہوا وقوعہ کے بعد حملہ آور فرار، دہشتگردوں اور انکے سہولت کاروں کو کٹہرے میں لایا جائیگا:معاون خصوصی بلوچستان
کوئٹہ(سٹاف رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان کے ضلع پشین میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 5مزدور جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق پشین کے نواحی علاقے سرانان(کلی سلیمان زئی) میں نامعلوم دہشتگردوں نے ڈبل روڈ کی تعمیر میں مصروف پنجاب سے تعلق رکھنے والے مزدوروں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں 5مزدورموقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا، حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔ اطلاع پر سکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمی مزدور کو ہسپتال منتقل کر دیا۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ بلوچستان کے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے نہتے مزدوروں اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے کی کارروائی قرار دیا اور کہا کہ کالعدم دہشت گرد تنظیم کی جانب سے نہتے مزدوروں اور عام شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ اور انسانیت دشمن عمل ہے ، ملوث دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments