رواں مالی سال کا پہلا ماہ ، حکومت نے 215 ارب قرضہ لیا ، 5 ارب گرانٹ شامل

رواں مالی سال کا پہلا ماہ ، حکومت نے 215 ارب قرضہ لیا ، 5 ارب گرانٹ شامل

بجٹری سپورٹ اور شارٹ ٹرم قرضے کی مد میں 120 ارب،پراجیکٹ فنڈنگ کی مد میں 95 ارب روپے موصول ہوئے جولائی میں بیرونی مالی معاونت 763 ملین ڈالر رہی، جون کے 4.04 ارب ڈالر کے مقابلے 81.13 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی

اسلام آباد (مدثر علی رانا) حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے ماہ (جولائی )کے دوران 215 ارب روپے قرضہ لیا۔ دستاویز کے مطابق گزشتہ ماہ 210 ارب روپے قرضہ اور 5 ارب روپے گرانٹس موصول ہوئیں۔ نان پراجیکٹ فنڈنگ جس میں بجٹری سپورٹ  اور شارٹ ٹرم قرضے شامل ہیں کی مد میں 120 ارب روپے جبکہ پراجیکٹ فنڈنگ کی مد میں تقریباً 95 ارب روپے موصول ہوئے ۔پاکستان نے جولائی 2026 میں مجموعی طور پر 763 ملین ڈالر کے غیر ملکی قرضے اور گرانٹس حاصل کیے جو گزشتہ مالی سال کے اسی ماہ کے 694.5 ملین ڈالر کے مقابلے میں 68.5 ملین ڈالر زیادہ ہیں۔ جون 2026 میں پاکستان کو 4 ارب 4 کروڑ 31 لاکھ ڈالر کی بیرونی فنڈنگ ملی تھی جس کے مقابلے میں جولائی 2026 میں بیرونی فنڈنگ میں 81.13 فیصد کمی ہوئی۔اقتصادی امور ڈویژن کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں دوطرفہ اور کثیرالجہتی قرضوں کی وصولی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں کمی آئی تاہم نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے ذریعے حاصل ہونے والی رقوم میں نمایاں اضافہ ہوا۔پاکستان نے نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے روایتی اور اسلامی دونوں طریقوں کے تحت جولائی 2026 میں 343.99 ملین ڈالر حاصل کیے جبکہ گزشتہ مالی سال کے جولائی میں یہ رقم 196.22 ملین ڈالر تھی۔

جولائی میں روایتی نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے ذریعے 97.32 ملین ڈالر جبکہ اسلامی نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے ذریعے 246.67 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل ہوئی۔اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق جولائی میں چین سے پاکستان کو 146 ملین ڈالر کے مجموعی ضمانتی قرضے موصول ہوئے ۔ دوطرفہ قرضوں اور گرانٹس کی مد میں مجموعی طور پر 19.6 ملین ڈالر ملے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی ماہ میں دوطرفہ ذرائع سے 118.4 ملین ڈالر حاصل ہوئے تھے ۔ فرانس نے 1.3 ملین، جرمنی نے 9.94 ملین، جاپان نے 0.94 ملین جبکہ سعودی عرب نے 7.42 ملین ڈالر فراہم کیے ۔پاکستان کو جولائی 2026 میں کثیرالجہتی مالیاتی اداروں سے مجموعی طور پر 252.83 ملین ڈالر موصول ہوئے جبکہ گزشتہ مالی سال کے جولائی میں یہ رقم 379.8 ملین ڈالر تھی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے 59.17 ملین جبکہ ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک نے 6.57 ملین ڈالر فراہم کیے۔

ورلڈ بینک جولائی میں پاکستان کو کثیرالجہتی قرض فراہم کرنے والا سب سے بڑا ادارہ رہا۔ عالمی بینک کے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن کے تحت پاکستان کو 130 ملین ڈالر جبکہ انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کے تحت 29.22 ملین ڈالر موصول ہوئے ، یوں ورلڈ بینک نے مجموعی طور پر 159.22 ملین ڈالر فراہم کیے ۔اسلامی ترقیاتی بینک نے جولائی میں 1.75 ملین ڈالر جبکہ قلیل مدتی فنانسنگ کی مد میں مزید 22.71 ملین ڈالر فراہم کیے ۔ بین الاقوامی فنڈ برائے زرعی ترقی نے 2 ملین ڈالر جبکہ اوپیک فنڈ نے 0.76 ملین ڈالر فراہم کیے ۔اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے آغاز پر پاکستان کے لیے بیرونی مالی وسائل کے حصول میں نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کا کردار نمایاں طور پر بڑھا، جبکہ روایتی دوطرفہ اور کثیرالجہتی قرضوں کی وصولی گزشتہ سال کے مقابلے میں کم رہی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...