حنا جاوید کی گردن ٹوٹی، پسلیوں پر زخم کے نشانات:پوسٹمارٹم رپورٹ

 حنا جاوید کی گردن ٹوٹی، پسلیوں پر زخم کے نشانات:پوسٹمارٹم رپورٹ

ابتدائی پوسٹمارٹم میں موت کی حتمی وجہ کا تعین نہ ہوسکا، نمونے فرانزک لیب ارسال گھریلو ملازم کا گلا گھونٹنے ، تشدد سے قتل کا اعتراف، فیصل سے ملکر پلاننگ سے مارا:ذیشان

راولپنڈی (خبرنگار، دنیا نیوز)لالکڑتی میں شادی شدہ خاتون کی ہاتھ بندھی اور گلے میں پھندہ لگی لاش واش روم سے ملنے کے واقعے کی ابتدائی پوسٹمارٹم رپورٹ سامنے آگئی، رپورٹ کے مطابق 45 سالہ حنا جاوید کی گردن کی ہڈی ٹوٹی ہوئی تھی جبکہ پسلیوں اور کولہے کی ہڈی پر زخموں کے نشانات پائے گئے ، مقتولہ کے پیریکارڈیم (دل کے گرد جھلی) میں خون موجود تھا۔ پولیس کے مطابق ڈاکٹر ماریا خالد نے حنا جاوید کا پوسٹمارٹم موت کے تقریباً 12 گھنٹے بعد کیا، مقتولہ کے ڈی این اے سمیت دیگر ضروری نمونے حاصل کرکے فرانزک لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ۔ ابتدائی پوسٹمارٹم میں موت کی حتمی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔ پولیس کی ڈاکٹر کو فراہم کی گئی ابتدائی رپورٹ میں الزام عائد کیا گیا کہ مقتولہ کو اس کے شوہر نے پھندا دے کر لٹکایا۔ پولیس نے مقتولہ کے شوہر اور گھریلو ملازم کو گرفتار کرکے عدالت سے تین روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے ، فرانزک اور حتمی پوسٹمارٹم رپورٹ کی روشنی میں موت کی اصل وجہ اور واقعے کے دیگر پہلوؤں کا تعین کیا جائے گا۔

دریں اثنا تفتیشی ذرائع کے مطابق مقتولہ حنا جاوید اور خاوند فیصل اصغر امام کے گھریلو گرفتار ملازم ذیشان نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے اور پولیس تفتیش شروع ہونے تک تین مختلف بیانات دیئے ۔ پہلے بیان میں کہا کہ حنا جاوید کو خاوند سے گھریلو جھگڑے کے دوران تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا، دوسرے بیان میں کہا کہ ملزم فیصل اصغر کے ساتھ مل کر حنا جاوید کو پلاننگ سے مارا، ایک بیان میں ذیشان نے حناجاوید کو اکیلے قتل کرنے کا موقف اختیار کیا۔ ملازم نے بیان دیا کہ میاں بیوی کے جھگڑے کے دوران مقتولہ حنا جاوید نے بھاگنے کی کوشش کی تو اسے بلایا گیا، حنا جاوید کو فیصل اصغر اور میں نے پکڑا تو اس نے مزاحمت کی جس پر اس کا گلا دبایا گیا۔ حنا جاوید کے قتل کا مقدمہ اس کے بھائی فہد جاوید کی مدعیت میں درج ہے جس میں خاوند فیصل اصغر،سسر اصغر اور گھریلو ملازم ذیشان نامزد ملزمان ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...