موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بڑھاکر بی تھری کردی

 موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بڑھاکر بی تھری کردی

گورننس میں بہتری، زرمبادلہ ذخائر کی مضبوطی کی وجہ سے ریٹنگ بڑھائی گئی حکومتی عزم سے مہنگائی کا دباؤ محدود کرنے میں مدد ملے گی،عالمی ریٹنگ ایجنسی

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر ،اے پی پی ) عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کردی،موڈیز کی جانب سے پاکستان کی ساورن ریٹنگ  سی اے اے ون سے بڑھا کر بی تھری کردی گئی ہے ،موڈیز کے مطابق ریٹنگ میں بہتری کی وجوہات میں گورننس میں بہتری، زرمبادلہ کے ذخائر کا مضبوط ہونا اور مقامی قرض لینے کی لاگت میں کمی وجوہات میں شامل ہے ،موڈیز نے پاکستان میں مسلسل میکرواکنامک استحکام کو بھی ریٹنگ میں بہتری کی وجہ قرار دیا ہے ،موڈیز کے مطابق ان شعبوں میں بہتری سے پاکستان کی بیرونی پوزیشن مستحکم اور مالیاتی اشاریے بھی بہتر ہوں گے ، موڈیز کے مطابق آئی ایم ایف کے تعاون سے جاری اصلاحات کے پروگرام پر مسلسل عمل درآمد سے پالیسیوں کی ساکھ مضبوط ہوئی ہے ، معاشی استحکام برقرار رہا ہے اور سرکاری و بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے فنڈنگ کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

موڈیز کی جانب سے پیرکوجاری بیان کے مطابق پاکستان کی ریٹنگ کو بی تھری تک اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ اس توقع کی عکاسی کررہاہے کہ حکمرانی اور پالیسی سازی میں بہتری کے باعث حکومت ملک کے بیرونی شعبے میں حالیہ بہتری کو برقرار رکھنے اور مالیاتی اشاریوں کو مزید مستحکم بنانے میں کامیاب رہے گی۔ موڈیز کے مطابق اگست 2025 میں پاکستان کی ریٹنگ سی اے اے ون مقرر کیے جانے کے بعد سے ملک کو درپیش بیرونی کمزوریوں کے خطرات میں مزید کمی آئی ہے ۔ زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جسے معاشی استحکام کے تسلسل سے تقویت ملی ہے ،دوسری جانب شرح سود میں کمی کے باعث ملکی سطح پر قرض لینے کی لاگت میں کمی اور مالیاتی صورتحال میں بہتری نے پاکستان کی قرضوں کی ادائیگی کی صلاحیت میں نمایاں بہتری پیدا کی ہے ، پاکستان کی کریڈٹ پروفائل میں بہتری اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ ملکی معیشت گزشتہ ادوار کے مقابلے میں بیرونی جھٹکوں جس میں جاری مشرق وسطیٰ تنازع بھی شامل ہے کا مقابلہ کرنے کی زیادہ صلاحیت پیدا کر رہی ہے۔

تاہم موڈیز نے خبردار کیا کہ اس مثبت پیش رفت کے باوجود پاکستان کی کریڈٹ پروفائل اب بھی بعض بنیادی کمزوریوں کا شکار ہے ، مستحکم آؤٹ لک ایک جانب پاکستان کے بنیادی کریڈٹ اشاریوں میں توقع سے زیادہ تیز بہتری کے امکانات اور دوسری جانب موجودہ خطرات کے درمیان توازن کی عکاسی کررہاہے ، اگر یہ خطرات شدت اختیار کرتے ہیں تو پاکستان کے لیے غیر ملکی کرنسی میں مالی وسائل تک رسائی متاثر ہو سکتی ہے اور حکومت کی مالیاتی گنجائش مزید محدود ہو سکتی ہے ، موڈیز کے مطابق سی اے اے ون سے بی تھری تک اپ گریڈ کا اطلاق پاکستان گلوبل سکوک پروگرام کمپنی لمیٹڈ کی حکومت کی ضمانت یافتہ غیر ملکی کرنسی میں ر غیر محفوظ ریٹنگ پر بھی ہوگا۔ اس پروگرام کے تحت ادائیگی کی ذمہ داریاں براہ راست حکومتِ پاکستان کی ذمہ داری ہیں جبکہ پاکستان گلوبل سکوک پروگرام کا آؤٹ لک بھی مستحکم برقرار رکھا گیا ہے ۔ اسی فیصلے کے ساتھ موڈیز نے پاکستان کی مقامی اور غیر ملکی کرنسی کی کنٹری سیلنگز بھی بالترتیب بی ٹواور سی اے اے ون سے بڑھا کر بی ون اوربی تھری کر دی ہیں۔

موڈیز نے کہا کہ جولائی 2026 کے اختتام تک پاکستان کے سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر تقریباً 17 ارب ڈالر تک پہنچ گئے جو جولائی 2025 کے آخر میں 14 ارب ڈالر تھے ، یہ ذخائر تقریباً تین ماہ کی درآمدات کے لیے کافی ہیں، ریٹنگ ایجنسی نے توقع ظاہر کی ہے کہ اگر حکومت آئی ایم ایف پروگرام پر پیش رفت برقرار رکھتی ہے ، سرکاری و بین الاقوامی شراکت داروں سے بروقت رقوم ملتی رہتی ہیں اور عالمی مالیاتی منڈیوں تک پاکستان کی بتدریج رسائی جاری رہتی ہے تو مالی سال 2027 کے اختتام تک زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر تقریباً 19 سے 20 ارب ڈالر اور مالی سال 2028 میں 20 سے 21 ارب ڈالر تک پہنچ سکتے ہیں، موڈیز نے کہا ہے کہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں متوقع اضافہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں ایک مضبوط حفاظتی بفر فراہم کرے گا جو عالمی منڈیوں یا اشیا کی قیمتوں میں منفی تبدیلیوں، خصوصاً جاری مشرقِ وسطٰی تنازع کے باعث تیل کی بلند قیمتوں کے اثرات کو کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے ۔موڈیز نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کی قرضوں کی ادائیگی کی استطاعت میں بھی انتہائی کمزور سطح سے نمایاں بہتری آئی ہے ،اگرچہ مہنگائی اب بھی شرح مبادلہ میں تبدیلیوں اور بیرونی جھٹکوں سے متاثر ہو سکتی ہے تاہم حکومتی عزم سے مہنگائی کے دباؤ کو محدود کرنے اور قرضوں کی ادائیگی کی صلاحیت میں ہونے والی بہتری کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی، خیال رہے کہ تقریباً 12 ماہ میں موڈیزنے پاکستان کی ریٹنگ دو درجے بہترکی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...