آزاد کشمیر اسمبلی:6 مخصوص نشستوں پرن لیگ،2 پر پی پی کامیاب
ن لیگ نے خواتین کی 3، علما و مشائخ، اوورسیزاور ٹیکنوکریٹ کی نشستیں جیت لیں 32 نشستوں کیساتھ ن لیگ سرفہرست، پی پی کی 14، 46 نومنتخب ارکان نے حلف اٹھایا آج سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب، کاغذات نامزدگی صبح 10 بجے تک جمع ہوں گے
مظفرآباد (محمد اسلم میر، مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ (ن) نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں میں سے 6 پر کامیابی حاصل کرلی۔ ن لیگ کو خواتین کی 3، علما و مشائخ، سمندر پار مقیم کشمیریوں اور ٹیکنوکریٹ کی ایک ایک نشست ملی، جبکہ پیپلزپارٹی نے خواتین کی 2 مخصوص نشستیں حاصل کیں۔ن لیگ کی جانب سے خواتین کی نشستوں پر مریم زمان، مریم ادریس اور سحرش قمر، سمندر پار کشمیریوں کی نشست پر عبدالرحمن آرائیں، ٹیکنوکریٹ کی نشست پر سید افتخار علی گیلانی اور علما و مشائخ کی نشست پر مولانا مظہر سعید کامیاب ہوئے ۔ ن لیگ کی رفعت عابد اور پیپلزپارٹی کی زوبیہ خورشید نے 5،5 ووٹ حاصل کیے ، جس کے بعد ٹاس پر زوبیہ خورشید کامیاب قرار پائیں۔ پیپلزپارٹی کی فرزانہ یعقوب بھی مخصوص نشست پر کامیاب ہوئیں۔
حالیہ آزاد کشمیر انتخابات میں ن لیگ نے 45 براہ راست نشستوں میں سے 25 حاصل کی تھیں۔ مخصوص نشستوں کے بعد ایوان میں ن لیگ کے ارکان کی تعداد 31 ہوگئی، جبکہ عوامی دستِ بازو کے رکن ساجد اقبال عباسی کی حمایت کے بعد تعداد 32 ہوگئی ہے ۔ پیپلزپارٹی کے ارکان کی تعداد مخصوص 2 نشستوں سمیت 14 ہوگئی اور وہ اپوزیشن میں بیٹھے گی۔دریں اثنا آزاد کشمیر اسمبلی کے 46 نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا۔ سبکدوش سپیکر چودھری لطیف اکبر نے ارکان سے حلف لیا، جس کے بعد انہوں نے حلف رجسٹر پر دستخط کیے ۔علاوہ ازیں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کا شیڈول جاری کردیا گیا۔ کاغذات نامزدگی آج صبح 10 بجے تک جمع ہوں گے ، حتمی فہرست 12 بجے جاری کی جائے گی۔ سپیکر کا انتخاب دوپہر 2 بجے جبکہ ڈپٹی سپیکر کا انتخاب 3 بجے ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments