10روپے کا نوٹ بند کرکے سکہ چلانے کا فیصلہ

10روپے کا نوٹ بند کرکے سکہ چلانے کا فیصلہ

فیصلہ لاگت بڑھنے پر کیا گیا ہے ، نوٹوں کا نیا ڈیزائن مسترد :ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک

اسلام آباد(دنیا نیوز)سٹیٹ بینک نے 10روپے کا نوٹ ختم کر کے  اس کی جگہ10روپے کا سکہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر عنایت حسین نے نئے کرنسی نوٹوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک نے بتایا کہ سٹیٹ بینک نے 10 روپے کا کرنسی نوٹ ختم کرنے کی درخواست کر دی ہے ، آئندہ نئے نوٹوں میں 10 روپے کا نوٹ نہیں چھاپا جائے گا اور اس کی جگہ سکہ جاری کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ10 روپے کے کرنسی نوٹ کی لاگت بڑھ گئی ہے جس کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا گیا، نئے کرنسی نوٹ جب بنیں گے تو 10 روپے کا نوٹ ختم ہو گا۔

سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ مرکزی بینک کا نئے نوٹوں کا ڈیزائن وزیر خزانہ کی زیر صدارت قائم کمیٹی نے مسترد کر دیا ہے ،ڈاکٹر عنایت حسین نے کہا کہ کمیٹی کی تجویز پر نئے فیچرز اور ڈیزائن میں تبدیلی کیلئے تجاویز کو شامل کیا جا رہا ہے ۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر مرکزی بینک نے کہا کہ نئے نوٹوں کے بعد بھی جعلی نوٹوں کو کنٹرول نہیں کیا جا سکے گا،مرکزی بینک حکام کے مطابق اس وقت ایک ہزار اور 5 ہزار روپے کے جعلی نوٹ سب سے زیادہ سرکولیشن میں ہیں۔چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والا نے انکشاف کیا کہ بینکوں اور اے ٹی ایمز سے جعلی کرنسی نکل رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک ان کا 15 ہزار روپے کا قرض دار ہے ، دو سال پہلے تین نوٹ دئیے تھے جو اب تک واپس نہیں آئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...