پاکستان کویتی افواج کو تربیت، سرحدی انتظام اور دفاعی شعبوں میں مدد دیگا : نئے معاہدے پر دستخط
خواجہ آصف سے کویتی ہم منصب شیخ عبداللہ علی کی وزارت دفاع میں ملاقات، باہمی سلامتی ، خطے میں امن و استحکام کیلئے شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ شیخ عبداللہ کی زیر قیادت وفدکا جی ایچ کیو کا بھی دورہ ، فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات ، باہمی دلچسپی کے امور،علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر گفتگو :آئی ایس پی آر
راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز) پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کا نیا معاہدہ طے پا گیا ، پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 کے تحت پاکستان کویتی مسلح افواج کو تربیت ، سرحدی انتظام اور دفاعی شعبوں میں مدد دیگا ۔ تفصیلات کے مطابق وزارت دفاع راولپنڈی میں وزیر دفاع خواجہ آصف سے کویتی ہم منصب شیخ عبداللہ علی عبداللہ السلیم الصباح کی زیر قیادت وفد نے گزشتہ روز ملاقات کی ہے ، اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دوطرفہ دفاعی تعلقات، سکیورٹی تعاون اور دفاعی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز رہی جبکہ اس موقع پر پاکستان اور کویت کے درمیان پروٹوکول معاہدہ 2026 پر دستخط بھی کئے گئے جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے موجود دفاعی تعاون کے معاہدے 2023 کے تحت قائم فوجی تعاون کے فریم ورک کو مزید وسعت دی جائے گی ،نئے معاہدے کے تحت پاک افواج، کویتی مسلح افواج کو مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کریں گی، تربیت، استعداد کار میں اضافہ، سرحدی انتظام اور دفاعی تعاون کے دیگر شعبوں میں تعاون کیا جائے گا۔
وزارت دفاع کے مطابق دونوں جانب سے باہمی سلامتی اور خطے میں امن و استحکام کیلئے شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔دریں اثناء پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السلیم الصباح کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے گزشتہ روز جی ایچ کیو کا بھی دورہ کیا اور اس دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی،وفد میں کویت کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریعان بھی موجود تھے ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں جانب سے ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ آئی ایس پی آرکے مطابق کویتی وفد نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل صلاحیتوں اور خدمات کو سراہا ،ملاقات میں پاکستان اور کویت کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو دفاعی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کی تجدید کی گئی ،ملاقات علاقائی سلامتی اور استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments