جنرل ہسپتال گائنی وارڈ میں آتشزدگی، 4بیڈز کا کمرہ متاثر

 جنرل ہسپتال گائنی وارڈ میں آتشزدگی، 4بیڈز کا کمرہ متاثر

عملے اور ریسکیو ٹیموں نے صرف10منٹ میں قابو پا لیا ،دومریض محفوظ جگہ منتقل

لاہور (ہیلتھ رپورٹر )جنرل ہسپتال کے گائنی وارڈ میں شارٹ سرکٹ سے اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ ہسپتال عملے اور ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرکے صرف  10 منٹ میں آگ پر قابو پا لیا اورمریضوں کو محفوظ طریقے سے دوسرے وارڈ میں منتقل کر دیا۔ اطلاع ملتے ہی پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل، ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین اور پروفیسر آف گائنی پروفیسر ڈاکٹر ندرت سہیل موقع پر پہنچ گئے ۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق گائنی یونٹ میں پلاسٹک کا پنکھا ہیٹ اپ ہو نے سے دھواں اٹھنے کا واقعہ پیش آیا۔ آگ سے صرف 4 بیڈز کا روم متاثر ہوا، دو پر مریض داخل تھے ۔عملے کی بلا تاخیر کارروائی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، دونوں مریضوں کو فوراً محفوظ جگہ منتقل کر دیا گیا، 70 مریض ریسکیو کرنے کی باتیں حقیقت کے منافی ہیں۔ایم ایس ڈاکٹرفریادحسین نے میڈیا کو بتایا حکومت کی ہدایت پر ہسپتال میں فائر ڈرل کی باقاعدہ ٹریننگ سے عملے نے فوری پیشہ ورانہ انداز میں ریسکیو کیا۔ اس موقع پر ایم ایس نے مریضوں کو محفوظ طریقے سے نکالنے والے سکیورٹی گارڈ حامد کی بہادری کو سراہتے ہوئے نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ کا بھی اعلان کیا ۔

پروفیسر ڈاکٹر ندرت سہیل ،ڈاکٹر فریدہ حسین اور ڈاکٹر خضر امین نے امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی۔ایم ایس نے بتایا مریضوں کے تحفظ کیلئے تمام شعبوں میں فائر سیفٹی آڈٹ اور ایمرجنسی ڈرل کا عمل جاری ہے ۔ ایم ایس نے تمام شعبوں میں بجلی کی تاروں اور دیگر حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے چار رکنی کمیٹی قائم کر دی ۔بعد ازاں میڈیا نمائندوں نے متاثرہ مشاہرہ روم کا معائنہ کیا جہاں واضح ہوا کہ وہاں 70 بیڈنہیں تھے ، صورتحال معمول پر تھی۔ وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جنرل ہسپتال گائنی وارڈ میں آتشزدگی پر عملے نے چند منٹ میں قابو پا لیا،کسی مریض، لواحقین یا عملے کو نقصان نہیں پہنچا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایات پر تمام سرکاری ہسپتالوں میں فائر الرٹ کے انتظامات مکمل ہیں وہ جو حکم دیتی ہیں اس پر عمل ہوتاہے ، جنرل ہسپتال میں آگ پر بروقت قابو پانا اسکا بڑا ثبوت ہے ۔ راولپنڈی میں بارش کی صورتحال کو وزیراعلیٰ خود مانیٹر کر رہی ہیں۔ ریسکیو، واسا، پیرا فورس اور ضلعی انتظامیہ کا عملہ فیلڈ میں ہے ،اداروں کے پاس تمام وسائل موجود ہیں،بارش تھمنے کے فوراً بعد پانی کو کلیئر کر دیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...