9مئی :شاہ محمود قریشی،اعجازچودھری کے کیسز کی سماعت ملتوی
آئندہ سماعت پر ہر صورت ریکارڈ پیش کرنے کی انڈرٹیکنگ دی جائے ، پراسکیوٹر کوہدایت 3سال سے درخواست زیر سماعت:وکیل،اعجاز چودھری کیس کابھی ریکارڈ پیش نہ کیا جاسکا
لاہور (کورٹ رپورٹر )انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی جناح ہاؤس کے باہر گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں ضمانت کی درخواست پر سماعت کی ، پراسیکیوشن کی جانب سے ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مہلت مانگنے پر عدالت نے کارروائی پانچ ستمبر تک ملتوی کردی، اے ٹی سی جج منظر علی گل نے درخواست پر سماعت کی،عدالت نے پراسیکیوٹر سے کہا کہ آئندہ سماعت پر ہر صورت ریکارڈ پیش کرنے کی انڈرٹیکنگ دیں،پراسیکیوٹر نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ آئندہ سماعت پر مقدمے کا ریکارڈ پیش کردیا جائے گا۔
شاہ محمود قریشی کے وکیل رانا مدثر عمر نے مؤقف اختیار کیا کہ ضمانت کی درخواست گزشتہ تین سال سے زیر سماعت ہے اور یہ پاکستان میں طویل عرصے سے زیر سماعت رہنے والی ضمانت کی درخواست ہے ۔وکیل نے کہا کہ پراسیکیوشن یہاں صرف تاریخ لینے کے لیے آتی ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے جناح ہاؤس کے باہر گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں ضمانت کی درخواست دائر کررکھی ہے ۔عدالت نے مزید کارروائی پانچ ستمبر تک ملتوی کردی، انسداد دہشت گردی عدالت میں نو مئی کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ پراسیکیوشن کی جانب سے مقدمات کا ریکارڈ پیش نہ کیے جانے پر عدالت نے سماعت نو ستمبر تک ملتوی کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments