لندن:محسن نقوی کی صدر زرداری سے ملاقات،اہم پیغام پہنچایا:جب صوبائی اسمبلیاں اور پارلیمنٹ چاہیں گی نئے صوبے بن جائینگے:وزیر قانون
ایک گھنٹے تک ون آن ون ملاقات، قومی معاملات بالخصوص نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث بھی زیر غور آئی، صدر آصف زرداری اپنے اصولی مؤقف پر قائم :ذرائع قومی اتفاق رائے کے بغیرکسی مسئلے کا پائیدار حل ممکن نہیں :صدرمملکت ،محسن نقوی کامیڈیا کیساتھ گفتگو سے گریز،اپوزیشن نے مذاکرات کی پیشکش کا مثبت جواب نہیں دیا،اعظم نذیر
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں) صدر آصف علی زرداری سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لندن میں ملاقات کی اور اہم پیغام پہنچا یا،ذرائع کے مطابق ون آن ون بات چیت تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی ، جس میں ملک میں امن وامان ، مجموعی سیاسی اور قومی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، ملاقات کے دوران قومی معاملات بالخصوص نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث بھی زیر غور آئی، ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے اس معاملے پر اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہنے کا پیغام دیا، انہوں نے واضح کیا کہ قومی اتفاق رائے کے بغیر کسی بھی اہم مسئلے کا پائیدار حل ممکن نہیں ،انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لیے قومی مفاد میں تمام فریقوں کو مل کر آگے بڑھنا ہو گا۔
ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی پیشرفت اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے بعد محسن نقوی کو لندن میں کرکٹ ٹیم کے حوالے سے صحافیوں کے سوالات کی بوچھاڑ کا سامنا کرنا پڑا تاہم انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرنے سے انکار کر دیا،محسن نقوی سے صدر آصف زرداری کے دورہ برطانیہ کے حوالے سے بھی سوال کیا گیا جس پر انہوں نے کہا میں صرف ملنے آیا ہوں سوالوں کا جواب نہیں دے سکتا، لیٹ ہو رہا ہوں، وفاقی وزیر نے چند صحافیوں سے مصافحہ کیا اور تصاویر بھی بنوائیں، تاہم کسی سوال کا تفصیلی جواب دئیے بغیر روانہ ہوگئے ۔
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)وفاقی وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلیاں اورپارلیمنٹ چاہیں گی تو دو تہائی اکثریت سے نئے صوبے بھی بن جائیں گے ،لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سب سے بڑا مسئلہ انتخابات کرانا تھا، آزادکشمیر میں انتخابات پرامن اورشفاف ہوئے ،آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کا انتخاب کرنے کا حق نواز شریف کو تھا ،ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کئی مرتبہ اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں تاہم اب تک کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments