مثالی گاؤں منصوبے میں ساڑھے 7کروڑ کی مبینہ کرپشن ،مقدمہ درج

مثالی  گاؤں  منصوبے  میں  ساڑھے 7کروڑ  کی  مبینہ  کرپشن ،مقدمہ  درج

61 ارب کے منصوبے میں من پسند کمپنیوں کو ٹھیکوں، اضافی ادائیگیوں اور ناقص میٹریل کے استعمال کا الزام اینٹی کرپشن کیساتھ وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم نے بھی تحقیقات شروع کردیں، کمپنیاں بلیک لسٹ ہونگی:وزیر بلدیات

لاہور (عمران اکبر) 485مثالی گاؤں کے 61ارب کے بڑے منصوبے میں ٹھیکیداروں کو اضافی ادائیگیوں اور ناقص میٹریل کی مد میں سرکاری خزانے کو سات کروڑ 59لاکھ سے زائد کا نقصان پہنچانے کے الزام میں اینٹی کرپشن میں پہلا مقدمہ درج کرا دیا گیا۔اینٹی کرپشن کے ساتھ وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم نے بھی مثالی گائوں منصوبے میں شکایات پر تحقیقات شروع کر دیں۔تلہ گنگ کے رہائشی محمد معین نے وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم کو کرپشن شکایات پر تحقیقات کی درخواست دی اور شکایات کی درستی کا بیان حلفی بھی جمع کرایا۔مثالی گائوں منصوبے میں پیپرا رولز کی خلاف ورزیوں کا بھی الزام ہے ،ذرائع کے مطابق من پسند سات کمپنیوں کو 70 سے زائد پراجیکٹ الاٹ کیے گئے ،جن کی مالیت 35 ارب سے زائدبنتی ہے ،خلاف ضابطہ کم سے کم ریٹ دینے والی کمپنیوں کو لسٹ آئوٹ کر کے مخصوص کمپنیوں کو نوازا گیا،اینٹی کرپشن میں درج مقدمے میں ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی مثالی گائوں منصوبے میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی،ٹوبہ ٹیک سنگھ کے گائوں چک521 گ ب اور چک 335 گ ب ،چک 325 ج ب ، چک 296 گ ب کا ٹھیکہ پانچ کمپنیوں کو دیا گیا،ملی بھگت سے پیکیج ایف ایس ڈی 5 اور 6 میں اضافی ادائیگیاں کی گئیں،پیکیج پانچ میں چار کروڑ 94 لاکھ ، پیکیج چھ میں دو کروڑ 59 لاکھ اٹھاون ہزار کی زائد ادائیگیاں کی گئیں،سرکاری خزانے کو سات کروڑ 59لاکھ سے زائد کا نقصان پہنچانے پر ڈویژنل کوآرڈینیٹر پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی فیصل آباد ڈویژن، عامر ندیم ٹھیکیدار ،ٹھیکیدار سلیم اینڈ کو و دیگر کمپنیوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق کا کہنا ہے کہ سرکاری طور پر پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی کے تحت کنٹریکٹ کمپنیز کے خلاف پرچہ درج کروادیا گیا ،ابتدائی تحقیقات میں سخت ایکشن لیا گیاکمپنیز کو بلیک لسٹ کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...