عظمیٰ بخاری ویڈیو کیس:فریقین کو عدالتی تقدس برقرار رکھنے کا حکم

عظمیٰ بخاری ویڈیو کیس:فریقین کو عدالتی تقدس برقرار رکھنے کا حکم

اوپن کورٹ تک رسائی کا یہ مطلب نہیں خلل ڈالا جائے :جوڈیشل مجسٹریٹ شریک ملزم شہاب الدین پر فرد جرم عائد ، سماعت 12 ستمبرتک ملتوی کردی گئی

لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور کی ضلع کچہری میں صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کی جعلی ویڈیو وائرل کرنے کے مقدمے کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا گیا۔دوران سماعت فریقین اور وکلاء کے درمیان سخت جملوں کے تبادلے پر عدالت نے آئندہ ایسی حرکت پر سی آر پی سی کی دفعہ 352 کے تحت پابندی عائد کرنے کا عندیہ دے دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے تحریری حکم میں قرار دیا کہ دوران سماعت فریقین اور وکلاء کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا، عدالت نے تمام فریقین کو عدالتی تقدس برقرار رکھنے کی ہدایت کردی اورقرار دیا کہ اوپن کورٹ تک رسائی کا یہ مطلب نہیں کہ عدالتی کارروائی میں خلل ڈالا جائے ،آئندہ کسی فریق کی جانب سے ایسی حرکت کی گئی تو عدالت سی آر پی سی کی دفعہ 352 کے تحت پابندی عائد کرے گی۔

تحریری حکم کے مطابق دوران سماعت عظمیٰ بخاری نے غلط رپورٹنگ کی بھی نشاندہی کی۔عظمیٰ بخاری کی جانب سے علی زاہد بخاری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ،عدالت نے شریک ملزم شہاب الدین پر فرد جرم بھی عائد کردی۔صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری نے اپنا بیان بھی قلمبند کروایا۔عدالتی حکم کے مطابق عظمیٰ بخاری نے خود کہا کہ ملزمہ فلک جاوید کمرہ عدالت میں موجود ہو، فلک جاوید کے وکیل علی اشفاق نے بھی ملزمہ کو عدالت میں پیش نہ کرنے پر اعتراض اٹھایا۔عظمیٰ بخاری نے بیان ریکارڈ کرانے کے بعد فوری جرح کی استدعا کی۔عدالت نے فریقین کو آئندہ سماعت پر جرح کیلئے پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 12 ستمبرتک ملتوی کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...