سٹریٹ موومنٹ ، وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کراچی پہنچ گئے
جلد سندھ کے عوام کو حق عمران دلوائیں گے ،27ستمبر کو پورا پاکستان سڑکوں پر ہوگا رحیم یارخان میں پولیس نے راستے بند کردئیے ، روٹ تبدیل ،کارکن راہ تکتے رہ گئے
کراچی ،رحیم یارخان(مانیٹرنگ ڈیسک ،ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی 5 روزہ دورہ پر سندھ پہنچ گئے جہاں انہوں نے پنجاب اور سندھ کی سرحد پر واقع علاقے کموں شہید میں استقبال کیلئے آئے کارکنوں سے خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے سلسلے میں سٹریٹ موومنٹ کیلئے پانچ روزہ دورے پر رحیم یار خان سے قافلے کی صورت میں سندھ میں داخل ہوئے ۔سہیل آفریدی کے ہمراہ پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ، ایم این اے مخدوم زاہ زین حسین قریشی، جنید اکبر، مینا خان آفریدی، شفیع جان، عامر ڈوگر، عادل بازائی سمیت دیگر رہنما شامل ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف سندھ کے ترجمان محمد علی بلوچ کے مطابق سندھ میں آمد پر پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ، سمیت پی ٹی آئی صوبائی قیادت و رہنماؤں و عوام و کارکنوں نے اُن کا شاندار استقبال کیا۔ سہیل آفریدی نے کموں شہید میں عوام اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاندار استقبال پر آپ سب کا شکر گزار ہوں، آپ سب کا جذبہ پچھلی بار سے زیادہ نظر آرہا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ ریکارڈ ٹوٹنے والا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کا جذبہ بتا رہا ہے کہ سندھ میں زرداری راج کا خاتمہ ہونے والا ہے۔
انہوں نے شرکا سے سوال کیا کہ عوام بتائیں ڈی چوک جانا چاہتے ہیں یا کراچی؟ اس پر شرکا کی جانب سے ڈی چوک کے نعرے لگائے گئے تو سہیل آفریدی نے ازراہ مذاق پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کو مخاطب کر کے کہا کہ کراچی کا پروگرام منسوخ کردیں کیونکہ یہ سب ڈی چوک جانا چاہتے ہیں۔سہیل آفریدی نے کہا کہ سندھ کے عوام کو معلوم ہے کہ 18 سال سے صوبے میں مسلسل کس کی حکومت ہے ، سندھ کے غیور عوام دیکھ رہے ہیں یہ لوگ عوام کے ساتھ کتنی زیادتیاں کر رہے ہیں، صوبے کو جو ترقی کا حق حاصل ہے وہ نہیں دیا جارہا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ بہت جلد سندھ کے عوام کو حق عمران خان دلوائیں گے ، ان شاء اللہ ستائیس ستمبر کو کراچی سے مکران، خیبر سے مہران، لاہور سے گلگت بلتستان پورا پاکستان سڑکوں پر ہوگا۔ رحیم یارخان پولیس کی پلاننگ سے دورہ سندھ روانگی سے قبل وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل خان آفریدی کی شیخ زیدائیرپورٹ رحیم یارخان آمد پرقافلے کاروٹ تبدیل،قافلہ چند ہی منٹوں میں پنجاب کی حدود عبورکرکے سندھ میں داخل ہو گیا،اچانک روٹ تبدیلی کی حکمت عملی کے باعث چندسڑکوں پرموجودکارکن دیکھتے رہ گئے ، ضلع کے ممبران اسمبلی مرکزی جنرل سیکرٹری سمیت رہنماؤں نے ائیرپورٹ پراستقبال کیا،پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات،راستوں کو کنٹینر ٹرالر لگا کر بند کر دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments