اسلام آباد کا نیا بلدیاتی ڈھانچہ، 3 ٹائون کارپویشنز بنیں گی
ہرٹائون اسمبلی کے حلقے کی حدود پر مشتمل ،1میئر 2 ڈپٹی میئرز ، 21 ارکان خواتین، نوجوا ن، کسان ،اقلیتوں کی مخصوص نشستیں ، قائمہ کمیٹی میں ترامیم منظور
اسلام آباد(عادل تنولی)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے ‘‘اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2025’’ کی مجوزہ ترامیم کے تحت اسلام آباد کے موجودہ بلدیاتی ڈھانچے میں اہم تبدیلیاں تجویز کی ہیں ۔ نئی ترامیم کے تحت میٹرو پولیٹن کارپوریشن ختم کرکے 3 ٹائون کارپوریشنز بنیں گی، ہر ٹائون کارپوریشن قومی اسمبلی کے ایک حلقے کی علاقائی حدود پر مشتمل ہوگی، ٹائون کارپوریشن میں میئر اور ڈپٹی میئرز ہوں گے ، دنیا نیوز نے وفاقی کابینہ اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سے منظور ہونے والی مجوزہ ترامیم کی کاپی حاصل کرلی ،مجوزہ ترامیم کے تحت اسلام آباد میں موجودہ ‘‘میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد’’ ختم کرکے اس کی جگہ نیا بلدیاتی ڈھانچہ تشکیل پائے گا ، اسلام آباد کے 3 حلقوں کی منا سبت سے 3 ٹائون کارپوریشنز یا کونسلز کا قیام عمل میں آئے گا، ہر کارپوریشن یا کونسل میئر، 2 ڈپٹی میئرز اور 21 ار کان پر مشتمل ہوگی۔
ہر کارپوریشن یا کونسل میں خواتین، نوجوانوں، کسان، مزدور اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں ہوں گی۔ یونین کونسلوں کے چیئرمین اور اراکین ٹائون کارپوریشنز یا کونسلوں کے میئرز اور دیگر عہدیداروں کا انتخاب کریں گے ۔ترمیمی بل میں یونین کونسلز کی حد بندی کے حوالے سے بھی ترامیم شامل کی گئی ہیں۔ ہر یونین کونسل کی حد بندی مردم شماری کی بنیاد پر کی جائے گی۔ ٹاؤن کارپوریشن میئر، دو ڈپٹی میئرز اور دیگر ارکان پر مشتمل ہو گی ۔ مجوزہ ترامیم کے تحت یونین کونسل کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخاب یونین کونسل کے عام اور مخصوص نشستوں کے ارکان کریں گے ۔ٹائون کارپوریشن جنرل سیٹ پر منتخب یوسی چیئرمینوں، 4خواتین، ایک کسان یا مزدور، ایک تاجر، ایک نوجوان اور ایک غیرمسلم رکن پر مشتمل ہوگی۔ کامیاب امیدواران 30 دن میں کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرسکیں گے ۔واضح رہے کہ لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس 2026 میں مجموعی طور پر 14 دفعات میں ترامیم کی تجاویز پیش کی گئی تھیں، جنہیں اب ترمیمی بل کی صورت میں سامنے لایا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments