لاگت بڑھنے سے پاکستانی مصنوعات مہنگی، عالمی منڈی میں مقابلہ مشکل : سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ

لاگت بڑھنے سے پاکستانی مصنوعات مہنگی، عالمی منڈی میں مقابلہ مشکل : سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ

بھارت کاٹن برآمد کر رہا ، پاکستان درآمد پر مجبور ہے ،چاول، چینی، کاٹن، پیاز، تل اور آلو کی برآمدات کم ہوئیں گزشتہ مالی سال برآمدات 30 ارب 80 کروڑ ڈالر رہیں، ہمسایہ ممالک کیساتھ تجارت بھی کم ہوئی ،سیکرٹری تجارت

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی تجارت کو بتایا گیا کہ توانائی اور درآمدی لاگت میں اضافے کے باعث پاکستانی مصنوعات عالمی منڈی میں مہنگی ہو کر مسابقتی حیثیت کھو رہی ہیں جبکہ بھارت کاٹن برآمد کر رہا اور پاکستان درآمد پر مجبور ہے ۔جاوید حنیف کی زیرِ صدارت قائمہ کمیٹی تجارت کے اجلاس میں چیئرمین ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈز پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ توانائی اور درآمدی لاگت میں اضافے سے پاکستانی مصنوعات کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں جس کے باعث عالمی منڈی میں ان کا مقابلہ مشکل ہو گیا ہے ۔ رکن کمیٹی اسد عالم نیازی نے بتایا کہ ماہانہ تین سے چار سو گدھے گوادر بھیجے جا رہے ہیں جبکہ سی فوڈ کی برآمد میں بھی وسیع مواقع موجود ہیں۔

سیکرٹری تجارت نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال برآمدات 30 ارب 80 کروڑ ڈالر رہیں جو 2024-25 کے مقابلے میں کم ہیں۔ ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوطرفہ تجارت میں بھی کمی ہوئی جبکہ چاول کی برآمدات ایک ارب ڈالر کم رہیں۔ چینی، کاٹن، پیاز، تل اور آلو کی برآمدات بھی متاثر ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ برس اپنے کاشت کاروں کو 5.1 ارب ڈالر کی سبسڈی دی۔ پاکستان کو امریکا، یورپ اور برطانیہ میں ٹیکس اور ڈیوٹی کی چھوٹ حاصل ہے ، تاہم توانائی اور درآمدی لاگت زیادہ ہونے کے باعث پاکستانی مصنوعات عالمی منڈی میں مؤثر مقابلہ نہیں کر پا رہیں۔ وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ گدھوں کا گوشت گوادر سے برآمد کیا جا رہا ہے ۔وزیر تجارت نے بتایا کہ پاکستانی فارما انڈسٹری نے رواں سال ایتھوپیا میں پیش رفت کی ہے ۔ تجارت اور تجارتی مواقع بڑھانے کے لیے مختلف ممالک سے بات چیت جاری ہے ، جبکہ چین کے ساتھ آزادانہ تجارتی معاہدے پر نظرِثانی کے حوالے سے بھی مذاکرات ہوتے رہتے ہیں۔اجلاس میں ٹریڈ آرگنائزیشنز بل 2026 میں تیسری ترمیم پر غور کیا گیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...