پنجاب حکومت کا پاسکو سے 10 لاکھ ٹن گندم خریدنے کا فیصلہ
لاہور(نیوز ایجنسیاں)حکومتِ پنجاب نے پاکستان ایگری کلچرل سٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن (پاسکو)سے 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے، جس پر سرکاری دستاویزات کے مطابق مجموعی طور پر 103 ارب 75 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔
تاہم محکمہ خزانہ پنجاب نے ایک ہی مرحلے میں اتنی بڑی مقدار میں گندم کی خریداری کے منصوبے پر شدید اعتراضات اٹھاتے ہوئے محکمہ خوراک سے گندم کی طلب و رسد اور موجودہ سٹاکس کی مکمل تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ دستاویزات کے مطابق صوبائی سپلائی چین میں پہلے ہی 19 لاکھ 70 ہزار میٹرک ٹن گندم کے ذخائر موجود ہیں۔ محکمہ خزانہ نے ہدایت کی ہے کہ پاسکو کے پاس موجود گندم کی عمر، معیار اور قابلِ استعمال ہونے کی تصدیق کی جائے اور خریداری ایک ساتھ کرنے کے بجائے صرف ضرورت کے مطابق مرحلہ وار کی جائے ۔محکمہ خزانہ نے وفاقی وزارتِ غذائی تحفظ کے ساتھ گندم کی قیمت پر ازسرنو مذاکرات کی بھی سفارش کی ہے ۔ منصوبے کے مطابق پنجاب حکومت پاسکو سے گندم 4,150 روپے فی 40 کلوگرام کی قیمت پر خریدے گی، جبکہ فلور ملوں کو یہی گندم 3,800 روپے فی 40 کلوگرام کی سبسڈائزڈ شرح پر فراہم کی جائے گی۔ محکمہ خوراک کے مطابق صوبے میں روزانہ 5 ہزار میٹرک ٹن گندم جاری کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments