پنجاب اسمبلی ،صحت سے متعلق اپوزیشن کی تحریک التوا مسترد
منشیات کے حوالہ سے پارلیمانی سیکرٹری شہریار کو درست جواب جمع کرانیکی ہدایت توجہ دلاؤ نوٹسز کے جوابات نہ آنے پر حکومتی رکن طاہر پرویز کا احتجاج، اجلاس ملتوی
لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی کا اجلاس پینل آف چیئرپرسن سمیع اللہ خان کی زیر صدارت ایک گھنٹہ 56 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ سرکاری ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات سے متعلق اپوزیشن کی تحریک التوائے کار کثرت رائے سے مسترد ہوئی ۔ وقفہ سوالات کے دوران منشیات کے جوابات پارلیمانی سیکرٹری شہریار ملک نے دئیے ۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں منشیات کے خلاف چار ہزار آپریشن کیے گئے اور دو ارب روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کی گئی، جبکہ منشیات فروشی میں سات سے زائد افراد کو سزا دی جاچکی ہے ۔ اپوزیشن رکن زرناب شیر نے محکمہ کے جوابات پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ان کے سوال کا جواب ایک سال تاخیر سے دیا گیا اور پنجاب کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹینس ایکٹ 2024ء میں نہیں بلکہ 2025ء میں منظور ہوا، اس لیے جواب درست نہیں۔
شہریار ملک نے جواب دیا کہ معلومات کمپیوٹر میں اپ ڈیٹ نہیں اور وہ کارروائی کا خلاصہ پیش کردیں گے ۔ پینل آف چیئرپرسن سمیع اللہ خان نے محکمہ کو آئندہ اجلاس میں درست جواب جمع کروانے کی ہدایت کردی۔ حکومتی رکن احسن رضا نے کہا کہ محکمہ ایکسائز کے انسپکٹرز کو شراب کی غیر قانونی فروخت روکنی چاہیے ۔ حکومتی رکن طارق مسیح گل نے کہا کہ عیسائیت، ہندو مت اور اسلام کسی مذہب میں شراب حلال نہیں، بائبل میں بھی شراب کے حوالے سے واضح احکامات موجود ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شراب کے معاملے پر مسیحی برادری کو بدنام نہ کیا جائے اور مسیحیوں و دیگر غیر مسلموں کے نام پر شراب کے لائسنس کے حوالے سے موجود تاثر ختم کیا جائے ۔ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کے معاملے پر پارلیمانی سیکرٹری شہریار ملک نے محکمہ کی جانب سے دئیے گئے سابقہ جواب کو غلط قرار دیتے ہوئے ایوان سے معذرت کی۔
انہوں نے بتایا کہ 11 لاکھ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس ابھی جاری ہونا باقی ہیں جن کی مالیت تقریباً دو ارب 20 کروڑ روپے بنتی ہے ۔توجہ دلاؤ نوٹسز کے جوابات نہ آنے پر حکومتی رکن طاہر پرویز نے بھی احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایجنڈے پر متعلقہ محکمے کے لوگ ایوان میں آئیں گے ، اگر کوئی وزیر یہ سمجھتا ہے کہ وہ ہاؤس کو جوابدہ نہیں تو یہ افسوسناک ہے ۔ اسمبلی بزنس سے زیادہ کوئی اور کام اہم سمجھنا ایوان کے تقدس کو پامال کرنے کے مترادف ہے ۔ سرکاری ہسپتالوں میں عام شہریوں کو صحت کی سہولیات کی مبینہ بدترین صورتحال پر اپوزیشن رکن زرناب شیر کی تحریک التوائے کار بھی ایوان میں زیر بحث آئی۔ حکومت کی جانب سے کثرت رائے سے اپوزیشن کی تحریک التوائے کار مسترد کردی گئی۔ بعد ازاں سرکاری کارروائی کے دوران اپوزیشن رکن ندیم قریشی نے کورم کی نشاندہی کردی۔ کورم پورا نہ ہونے پر پینل آف چیئرپرسن سمیع اللہ خان نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments