زمان پارک پولیس حملہ کیس میں فلک جاوید کی ضمانت منظور
پولیس نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں پی ٹی آئی کی ایکٹویسٹ کو گرفتار کرلیا
لاہور(کورٹ رپورٹر،دنیا نیوز)لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے زمان پارک پولیس پر حملہ کیس میں پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ایکٹویسٹ فلک جاوید کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کر لی جبکہ پولیس نے اسے جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ملک عابد حسین نے زمان پارک پولیس پر حملہ کیس میں فلک جاوید کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرتے ہوئے اسے 1 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت جاری کردی۔
دوران سماعت وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمے کی تفتیش مکمل ہو چکی،قانون کے مطابق ضمانت پر رہائی فلک جاوید کا حق ہے ۔سرکاری وکیل نے مؤقف اپنایا کہ فلک جاوید پولیس افسروں پر حملے میں ملوث اور9 مئی کے دیگر کیسوں میں جیل میں قید ہیں۔ علاوہ ازیں پولیس نے تھانہ سرور روڈ میں درج جناح ہاؤس حملہ کیس میں فلک جاوید کو گرفتار کرکے فاضل جج کے روبرو پیش کیا اور تفتیش کیلئے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے فلک جاوید کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments