9مئی :علیمہ خان،فواد سمیت دیگر کی ضمانتوں میں توسیع
عدالت میں اسد عمر ، اعظم سواتی، مسرت چیمہ بھی پیش ،ریکارڈ طلب صرف پی ٹی آئی نہیں ہر کسی سے ظلم ہو رہا ،وقت بدلے گا:علیمہ خان
لاہور(کورٹ رپورٹر،آئی این پی،آئی این پی ) انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مختلف مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان کے علاوہ اسد عمر، فواد چودھری، اعظم سواتی، مسرت چیمہ سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں میں 6اکتوبر تک توسیع کردی۔اے ٹی سی کے دو ججز نے جلا ؤگھیرا ؤکے مقدمات کی سماعت کی، عدالت کے روبرو اسد عمر، فواد چودھری ، اعظم سواتی، مسرت چیمہ ،بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خان بھی پیش ہوئیں۔عدالت نے وکلا کو آئندہ سماعت پر حتمی دلائل کیلئے طلب کرتے ہوئے مقدمات کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
ملزموں کے خلاف جناح ہاؤس، عسکری ٹاور، مسلم لیگ ن کے دفتر جلانے سمیت 9 مئی کوپیش آنے والے دیگر واقعات سے متعلق مقدمات درج ہیں۔دریں اثناء عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ اب صرف پی ٹی آئی نہیں ہر کسی کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے ،وقت بدلے گا، بہت لوگ خواہشمند ہیں کہ بانی جیل سے نہ نکلیں، سپریم کورٹ سے بڑی عدالت تو کوئی نہیں مگر فیصلہ نہیں مانا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ وقت بدلے گا، ان کو نہیں بھولا جائے گا جنہوں نے آئین کے ساتھ غداری کی، میں بانی کی جگہ نہیں لے سکتی، اگر بیرسٹر گوہر کی جگہ کہتے تو سمجھ آتی ہے ، وہ لوگ باتیں کر رہے ہیں جو خود چیئرمین شپ کا خواب دیکھ رہے ہیں ۔ علیمہ خان نے کہا کہ لوگ نکلیں اور حکومت پر دباؤ ڈالیں،عوام کا پریشر ہوگا تو پھر بانی کی رہائی ہو گی،عوام کا غصہ 27 ستمبر کو نکلے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments