امریکی جنگی جہازوں پر حملے ،جواب میں 3ایرانی ٹینکر نشانہ
خارگ میں صورتحال پرسکون،1ٹینکر کو 4میزائل لگے :ایرانی میڈیا یمن میں حوثیوں اور سرکاری افواج میں جھڑپیں ،60 سے زائد افراد ہلاک
تہران، واشنگٹن(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے کہا ہے کہ امریکی افواج نے ہفتے کے روز 3 ایرانی تیل بردار ٹینکروں کو نشانہ بنایا، جن میں سے ایک ایران کے اہم تیل برآمدی مرکز کے قریب خارگ جزیرے کے ساحل سے دور موجود تھا۔سینٹرل کمانڈ کے مطابق یہ حملے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے امریکی بحریہ کے 2جہازوں پر بیلسٹک میزائل داغے جانے کے بعد کیے گئے ،بیان میں کہا گیا کہ گشت کے دوران ایک امریکی طیارہ بردار بحری جہاز اور ایک ڈیسٹرائر نے ایران کے بلااشتعال متعدد حملوں سے بچاؤ کیا اور کسی امریکی اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا۔امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا پاسداران انقلاب کیلئے پیغام واضح ہونا چاہیے اگر آپ ہمارے دو جہازوں پر فائر کریں گے تو ہم آپ کے تین جہازوں کو نشانہ بنا کرآپ کو اس سے بھی بھاری معاشی قیمت چکانے پر مجبور کریں گے ۔ہم امریکی افواج کے دفاع میں کسی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کریں گے ، اور اگر ضرورت پڑی تو ایران کے محدود اور غیر محفوظ تیل بردار بیڑے کو تباہ کر دیں گے۔
ایرانی میڈیا نے اس سے قبل اطلاع دی تھی کہ خارگ کے لنگرانداز ہونے والے علاقے میں ایک ٹینکر کو 4 امریکی میزائل لگے جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، جبکہ جزیرہ خارگ میں صورتحال معمول کے مطابق اور پرسکون ہے ۔امریکی بیان کے مطابق یہ تینوں ٹینکرز ایک ایسے خفیہ نیٹ ورک کا حصہ تھے جو ایران کی طاقتور سپاہِ پاسداران انقلاب اور خطے میں اس کے مسلح اتحادی گروپوں کی مالی معاونت کرتا ہے ۔حملوں کا یہ تبادلہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کشیدگی میں ہونے والے اضافے کے بعد ہوا ہے ، جس سے اس تنازع کے مزید شدت اختیار کرنے کا خدشہ ہے ۔ خیال رہے مشرقِ وسطٰی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی تیل کی رسد کے بارے میں خدشات بڑھنے کے نتیجے میں برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودے جمعہ کو 96.28 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئے ، جو 24 جولائی کے بعد اس کی بلند ترین سطح ہے ۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امریکی حکومت کو انہیں جنگ کا پیادہ بنانے کی اجازت نہ دیں۔انہوں نے ایکس پر امریکیوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ خود کو جنگی محاذ کا پیادہ اور اس کے اخراجات ادا کرنے والا نہ بننے دیں، ایسی جنگ جس کا انتخاب آپ نے کبھی نہیں کیا۔
اپنے بچوں کو بھی ان کی غیرقانونی جنگ کے کرائے کے سپاہی نہ بننے دیں۔ویانا میں عالمی اداروں کیلئے ایران کے مستقل مشن نے ایران کے جوہری پروگرام پر امریکا اور تین یورپی ممالک کی جانب سے قرارداد لانے کی کوشش کو مایوس کن اور بے سود کوشش قرار دیا اور کہا تہران کے جوہری پروگرام پر مغربی ممالک کی قرارداد لانے کا کوئی فائدہ نہیں۔دریں اثنا یمن میں حوثیوں اور سرکاری افواج کے درمیان جھڑپوں میں 60 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ، طبی اور عسکری ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ یمن میں سعودی حمایت یافتہ سرکاری افواج اور حوثیوں کے درمیان جھڑپوں میں ہلاک ہونے والوں میں عام شہری بھی شامل ہیں۔اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق جنوب مغربی یمن میں کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی لڑائی میں سرکاری افواج کے 26 اہلکار ہلاک ہوئے ۔ایران کے اتحادی حوثیوں کے طبی اور عسکری ذرائع نے بھی ان فورسز کے 31 اہلکاروں کی ہلاکت کی اطلاع دی۔حکومت کے زیرِ کنٹرول شہر تعز میں طبی ذرائع نے بتایا کہ ایک بس پر میزائل حملے میں چھ شہری ہلاک اور سات زخمی ہو گئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments