لاہور سمیت کئی علاقوں میں بارش، آج بھی امکان
راولپنڈی میں نالہ لئی کی مانیٹرنگ جاری، واسا عملہ کی چھٹیاں منسوخ
لاہور،اسلام آباد (آئی این پی،اے پی پی )لاہور ، اسلام آباد،راولپنڈ ی سمیت کئی علاقوں میں جمعہ کے روز پھر بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔ محکمہ موسمیات کا کہناہے آ ئندہ 24گھنٹوں کے دوران بھی اسلام آباد، کشمیر، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔راولپنڈی میں شدید بارشوں کے امکان کے باعث نشیبی علاقوں میں واسا کی اضافی ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں جبکہ نالہ لئی سمیت تمام نالوں کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے ،ہنگامی صورتحال کے پیش نظر عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش پختونخوا کے ضلع دیر بالائی میں 34 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ مظفرآباد سٹی 30، گڑھی دوپٹہ 03، کوٹلی 1، اٹک 29، منڈی بہاؤالدین 19، اوکاڑہ 15، لاہور 3 اور ژوب میں 4ملی میٹر بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دریائے سندھ، جہلم، چناب اور راوی کے بہا ؤمیں آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران معمولی اضافے کا امکان ہے جبکہ منگلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ تقریباً 78 فیصد ہو چکاہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments