اسلام آباد:یوم دفاع پر قومی پرچموں کی بہار،شہداکوخراج عقیدت
شہدا کی قربانیاں ملکی آزادی، خودمختاری اور سلامتی کی بنیاد :سی ڈی اے ،ایم سی آئی
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)سی ڈی اے اور ایم سی آئی نے یوم دفاع کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج اور شہدا کے اہل خانہ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت کو قومی پرچموں سے سجا دیا،اس موقع پر اسلام آباد کی اہم شاہراہوں، عوامی مقامات، قومی و شہری نشانات اور سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم نمایاں طور پر آویزاں کیے گئے ، جبکہ پارلیمنٹ ہاؤس سمیت اہم ریاستی عمارتوں پر سبز ہلالی پرچموں کی نمائش نے قومی اتحاد اور شہدا سے عقیدت کا اظہار کیا۔سی ڈی اے اور ایم سی آئی نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی کی بنیاد ہیں، اداروں نے شہدا کے خاندانوں کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور ان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے مطابق یوم دفاع و شہدا قوم کے لیے تجدیدِ عہد کا دن ہے ، جس کا تقاضا ہے کہ شہری اتحاد، نظم و ضبط، ذمہ داری اور قومی خدمت کے جذبے کے ساتھ ایک مضبوط، پرامن، خوشحال اور سرسبز پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments