گلگت ،غذر میں بادل پھٹنے سے سیلاب نے تباہی مچادی

 گلگت ،غذر میں بادل پھٹنے سے سیلاب نے تباہی مچادی

شاہراہ قراقرم سمیت متعدد سڑکیں بند ، زرعی اراضی، فصلوں اور مکانات کو نقصان لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا، لیسکو کے متعدد فیڈر ٹرپ

غذر،لاہور(آن لائن،این این آئی )گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں آنے والے سیلاب نے تباہی مچادی، جس کے باعث شاہراہ قراقرم  سمیت متعدد سڑکیں بند ہوگئیں، زرعی اراضی، فصلوں اور مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔شدید بارش کے بعد آنے والے اچانک سیلاب نے غذر کے مختلف علاقوں میں گھروں اور فصلوں کو نقصان پہنچایا، نوبہار گاؤں میں سیلابی ریلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچاتے ہوئے گش گش جماعت خانہ کو بھی نقصان پہنچایا، جبکہ فصلیں، پھل دار درخت اور زرعی اراضی بھی تباہ ہوگئی۔مختلف علاقوں میں سیلاب کے باعث امیٹ سے برجنگل جانے والی سڑک بند ہوگئی جبکہ ہنزہ میں مرتضیٰ آباد اور حسن آباد گاؤں کے درمیان شاہراہ قراقرم کا وہ حصہ جو لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند تھا، ٹریفک کیلئے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔

دوسری طرف لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں اور آندھی کے بعد موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا ۔لاہور میں مال روڈ، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، کینال روڈ، گلبرگ، لبرٹی اور کلمہ چوک کے اطراف میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا، مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔مریدکے اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، بارش سے قبل ہی لیسکو کے متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے ۔کاہنہ اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا، گوجرہ میں آندھی کے بعد بوندا باندی ہوئی ۔قصور اور گردونواح میں بھی صبح سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...