9 مئی کیسز :2023سے روپوش سابق ایم این اے حماد اظہر گرفتار
پی ٹی آئی رہنما کو ملتان سے دوست کے گھرسے پکڑاگیا،لاہورپولیس کے حوالے حمادکی گرفتاری سیاسی انتقام ،کوئی مقدمہ ہے توعدالت پیش کریں :پی ٹی آئی
لاہور (کرائم رپورٹر )پولیس نے سابق رکن قومی اسمبلی اور سابق صدر پی ٹی آئی پنجاب حماد اظہر کو گرفتار کر لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق حماد اظہر کو آر اے بازار کے قریب ایک دوست کے گھر سے گرفتار کر کے لاہور پولیس کے حوالے کر دیا گیا ۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حماد اظہر 9 مئی کے واقعات میں مختلف مقدمات میں ملوث اور 9 مئی 2023 سے اشتہاری تھے ، وہ اپنے والد کے انتقال پر منظر عام پر آئے لیکن پھر اس کے بعد روپوش ہو گئے تھے ۔انسداد دہشتگردی کی عدالت نے عدم پیشی پر حماد اظہر کو اشتہاری قرار دے رکھا تھا، عدالت نے حماد اظہر کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کررکھے تھے۔
پولیس ذرائع نے کہا کہ حماد اظہر کو انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے ، حماد اظہر 9 مئی کے 50 سے زائد مقدمات میں بھی نامزد ملزم ہیں، حماد اظہر نے لاہور اور پشاور ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت کے لئے رجوع کررکھا ہے ۔مقدمات کے اندراج کے بعد حماد اظہر نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا،پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں حماد اظہر کی گرفتاری کو سیاسی انتقام کا شاخسانہ قرار دیا گیا ہے ۔پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ حماد اظہر ایک سابق وفاقی وزیر ہیں، ان کے خلاف اگر کوئی مقدمہ ہے تو انہیں قانون کے مطابق عدالت کے سامنے پیش کیا جائے ۔سیاسی کارکنوں اور رہنماؤں کو بلاجواز گرفتار کرکے خوف و ہراس پھیلانا جمہوریت اور آئین کی روح کے منافی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments